عامر خان نے اپنی فیک ویڈیو کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی
عامر خان رواں برس کرسمس کے موقع ریلیز ہونے والی فلم ’ستارے زمین پر‘ سے بڑے پردے پر واپسی کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے اپنے حوالے سے گردش کرنے والی ایک فیک ویڈیو کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق عامر خان کے حوالے سے مبینہ طور پر ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ ایک مخصوص سیاسی پارٹی کو ووٹ دینے کی ترغیب دے رہے ہیں۔
اس فیک ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد عامر خان کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔
عامر خان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ انہوں نے فیک ویڈیو کے خلاف ایکشن لے لیا ہے اور انہوں نے اپنے کریئر میں کسی سیاسی پارٹی کی حمایت نہیں کی۔
عامر خان کے ترجمان نے وضاحتی بیان میں کہا کہ ’ہم عامر خان سے منسوب وائرل ویڈیو سے خبردار ہوئے جس میں وہ ایک مخصوص سیاسی جماعت کو ووٹ ڈالنے کی حمایت کر رہے ہیں۔ وہ اس بات کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ یہ ایک فیک ویڈیو ہے اور بالکل جھوٹی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’انہوں نے اس معاملے کو دیکھنے والے اداروں سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے ممبئی کے سائبر کرائم سیل میں ایف آئی آر بھی درج کروائی ہے۔‘
مسٹر پرفیکٹ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’ہم اس بات کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ عامر خان نے 35 برس کے اپنے کیریئر میں کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کی۔ وہ الیکشن کمیشن کے ذریعے گزشتہ عام انتخابات میں میں ووٹ ڈالنے کے لیے عوام میں شعور بیدار کرتے رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ عامر خان رواں برس دسمبر میں کرسمس کے موقع ریلیز ہونے والی فلم ’ستارے زمین پر‘ سے بڑے پردے پر واپسی کریں گے۔