الدرعیہ اور باحہ میں عالمی ثقافتی ورثے کی سہ روزہ تقریبات
الدرعیہ اور باحہ میں عالمی ثقافتی ورثے کی سہ روزہ تقریبات
پیر 22 اپریل 2024 11:17
باحہ میں پہاڑ پر قدیم ثقافتی رہن سہن کے حوالے سے عین گاؤں پرکشش مقام ہے۔ فوٹو واس
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سعودی نیشنل کمیٹی آف دی انٹرنیشنل کونسل آن مونومینٹس اینڈ ہیریٹیج سائٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے 18 اپریل کو عالمی ثقافتی ورثے کا دن منایا۔
عرب نیوز کے مطابق اس جشن کے سلسلے میں متعدد مقامات پر منعقد ہونے والی سہ روزہ تقریبات میں لائٹ شوز اور مختلف علاقائی سرگرمیاں شامل کی گئیں۔
یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں 2010 سے شامل ہونے والے الدرعیہ کے تاریخی علاقے الطریف میں منعقد ہونے والی تقریبات قابل ذکر رہیں۔
تاریخی ورثے کے ماہرین نے الدرعیہ کے قدیم مقامات جہاں بحالی کا کام جاری ہے خصوصا وادی حنیفہ، الباحلی فارم، غسیبہ اور تاریخی علاقے الطریف کا دورہ کیا۔
اس موقع پرالدرعیہ کے علاقے میں بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے کثیر الجہتی سیمینار بھی منعقد کیا گیا۔
سیمینار میں شامل ہونے والے ماہرین نے قدرتی آفات کے اثرات سے تحفظ اور ان سے نمٹنے کے لیے روایتی علم کے ساتھ ساتھ جدید انجینئرنگ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
تقریب میں الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت مملکت میں تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کی بحالی، تحفظ اور آگاہی کے لیے جاری کاموں پر روشنی ڈالی گئی۔
دریں اثناء سعودی ہیریٹیج کمیشن اور باحہ ریجن کے المخواہ گورنریٹ میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے ریجن کے قدیم گاؤں عین میں عالمی یوم ورثہ کی تقریب کا اہتمام کیا۔
باحہ ریجن کے پہاڑ کے اوپر قائم عین گاؤں اپنے مستند ورثے، بھرپور تاریخ اور قدیم ثقافتی رہن سہن کی خوبصورتی کے حوالے سے معروف ہے جو زائرین کے لیے پرکشش مقام ہے۔
یونیسکو کی ویب سائٹ کے مطابق عین گاؤں کے حوالے سے تعمیرات کی 16ویں صدی کے آخر کی تاریخ ملتی ہے جو 400 سال سے زیادہ قدیم ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں