طائف میں 270 ہیکٹر پر پھیلے ہوئے گلاب کے تقریباً 910 فارمز ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
طائف کے پہاڑ اور گلاب کے خوبصورت فارم سالانہ 55 کروڑ سے زیادہ پھولوں سے گلاب کی خوشبو کی پیداوار کا ایک بڑا مرکز بن چکے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق طائف میں 270 ہیکٹر پر پھیلے ہوئے گلاب کے تقریباً 910 فارم الہدا، الشفاء، وادی محرم، الوہط اور الوہیط کے علاقوں میں تقریباً ساڑھے 11 لاکھ پودوں کی پرورش کرتے ہیں۔
گلاب کی پنکھڑیاں مارچ سے اپریل تک گلاب کشید کرنے والی 70 سے زیادہ فیکٹریوں اور لیبارٹریوں تک پہنچائی جاتی ہیں جس سے مقامی مارکیٹ کو چھ کروڑ چار لاکھ ریال کا فائدہ ہوتا ہے۔
گلاب کی خوشبودار فصل نے اس پہاڑی علاقے کو عالمی گلاب کے ’دارالحکومت‘ میں تبدیل کر دیا ہے اور گلاب کے پھولوں کی 84 ہزار 450 ٹوکریوں کے ساتھ گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔
مکہ ریجن میں وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کی برانچ کے ڈائریکٹر جنرل ماجد الخلیف نے کہا ہے کہ ’اس علاقے کا خوبصورت گلاب ہمارے ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔‘
ماجد الخلیف نے بتایا کہ ’علاقے میں ہونے والے مختلف تہواروں اور تقریبات میں ہم مقامی مصنوعات کو فروغ دیتے ہیں جو کسانوں کے لیے پیداواری علم میں تبادلے کو فروغ دینے کا ذریعہ ثابت ہوتے ہیں۔‘
علاقے میں ہونے والی تقریبات کو کامیاب بنانے میں مقامی حکام کے ساتھ مشترکہ کوششیں کی جاتی ہیں، یہاں منعقد ہونے والا ’گلاب فیسٹیول‘ سیاحوں کی خصوصی دلچسپی کا باعث ہے۔
گلاب کی فصل کی تیاری کے موقع پر زائرین کے لیے گلاب کشید کرنے کا عمل، سیمینارز، ورکشاپس اور طائف کے گلاب کے شوقین افراد کی خوشی کے لیے مختلف سرگرمیاں فراہم کی جاتی ہیں۔
طائف میں وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کے ڈائریکٹر ہانی بن عبدالرحمان القادی نے علاقے میں منعقد ہونے والے ’گلاب میلے‘ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ تہوار کے پانچ دن مختلف مصنوعات کے ساتھ گلاب کے 60 سے زائد فارم چلانے والے خاندانوں کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔
ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ زرعی ترقیاتی پروگرام کے تحت گلاب کی کاشتکاری کے شعبے کو تقویت دی جا رہی ہے۔
مختلف زرعی ترقیاتی پروگرام اہم فصلوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے پر مرکوز ہوتے ہیں جس کا مقصد دیہی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
طائف میں وزارت پانی و زراعت کے دفتر میں علاقے کے خاص گلاب کے لیے وقف یونٹ قائم کیا گیا ہے جو طائف میں گلاب کی کاشت بڑھانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وزارت زراعت گلاب کے کاشتکاروں کو جدید تکنیک کے بارے میں رہنمائی اور تعلیم دینے میں سرگرم عمل ہے۔
گذشتہ سال سعودی عرب اور بلغاریہ کے درمیان مشترکہ تعاون کی کوششوں کے تحت گلاب کے کاشتکاروں کا ایک گروپ بلغاریہ بھیجا گیا تھا۔
گلاب کے کسانوں کو بغاریہ بھیجنے کا مقصد علم کے تبادلے کو آسان بنانا، کسانوں کی مہارت بڑھانا اور گلاب کی کاشت، کشید اور ادویات و کاسمیٹکس میں گلاب کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
ڈائریکٹر زراعت نے مزید بتایا کہ یہاں قائم وزارت کا دفتر مقامی کسانوں کو اہم معاون خدمات فراہم کرنے میں سرگرم عمل ہے جس کا مقصد گلاب کی کاشت کاری میں ان کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانا ہے۔
کسانوں کو بہترین زرعی طریقے اپنانے کے بارے میں ماہرانہ رہنمائی دی جاتی ہے علاوہ ازیں مخلف ٹیمیں گلاب کی فصل کو ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے کیڑے مار ادویہ کے چھڑکاؤ کا اہتمام کرتی ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں