گورنر ریاض کی شرکت سے آئی ڈی بی کی گولڈن جوبلی
’تقریب میں وزیر خزانہ محمد الجدعان اور آئی ڈی بی کے سربراہ ڈاکٹر محمد الجاسر بھی موجود تھے‘ ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی نیابت کرتے ہوئے گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبد العزیز نے اسلامی ترقیاتی بینک ’آئی ڈی بی‘ کی گولڈن جوبلی کی تقریب میں شرکت کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ریاض میں منعقد گولڈن جوبلی کی تقریب میں وزیر خزانہ محمد الجدعان اور آئی ڈی بی کے سربراہ ڈاکٹر محمد الجاسر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر نے اسلامی ترقیاتی بینک کو کامیاب سفر پر مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اسلامی بینکاری کے شعبے میں آئی ڈی بی کا کردار مثالی رہا ہے‘۔
انہوں نے تمام رکن ممالک کو آئی ڈی بی کے لیے مزید کوششیں کرنے پر اکسایا ہے۔
آئی ڈی بی کے سربراہ ڈاکٹر محمد الجاسر نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ’آئی ڈی بی نے گزشتہ 5 دہائیوں میں رکن ممالک میں 182 بلین ڈالر سے زیادہ منصوبوں پر کام کیا ہے‘۔
’12 ہزار جاری منصوبوں سے 57 رکن ممالک کے کئی ملین افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں‘۔
تقریب میں رکن ممالک کے نمائندوں کے علاوہ اسلامی بینکوں اور مالیاتی اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک تھے۔