ٹی20 ورلڈ کپ: 10 ’ڈراپ اِن پچز‘ فلوریڈا سے نیو یارک پہنچا دی گئیں
ٹی20 ورلڈ کپ: 10 ’ڈراپ اِن پچز‘ فلوریڈا سے نیو یارک پہنچا دی گئیں
جمعرات 2 مئی 2024 13:37
نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پہلا میچ 3 جون کو سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے 10 نئی ’ڈراپ اِن پچز‘ امریکی ریاست فلوریڈا سے نیو یارک پہنچا دی گئی ہیں جنہیں اگلے مہینے سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے لیے نیو یارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں بچھایا جائے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ پچز گزشتہ برس دسمبر میں فلوریڈا میں تیار کی گئیں جنہیں 20 ٹریلر ٹرکوں پر نیو یارک کے زیرتعمیر نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم پہنچایا گیا۔
یہ پچز 9 جون کو نساؤ سٹیڈیم میں شیڈول پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہائی وولٹیج میچ سمیت دیگر میچوں میں استعمال کی جائیں گی۔
اِن پچز کو آسٹریلوی پچ کیوریٹر ڈیمین ہو نے بنایا ہے۔ ڈیمین ہو آسٹریلیا کے ایڈیلیڈ اوول سٹیڈیم کے کیوریٹر ہیں۔
نیو یارک کے سرد موسم کی وجہ سے ان پچز کو فلوریڈا کے گرم موسم میں بنایا گیا ہے۔
اس بارے میں کیوریٹر ڈیمین ہو نے بتایا کیا کہ فلوریڈا سے نساؤ کاؤنٹی نیو یارک تک ان پچز کو لانے کے لیے 24 گھنٹے لگے جس دوران ان پچز کو باقاعدگی سے چیک کیا جاتا رہا اور گھاس پر پانی کی مقدار کو پورا کیا جاتا رہا۔
انہوں نے کہا ’جہاں تک پچز کی بات ہے تو ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہوا اور بارش کے باعث ان پر کوئی اثر نہ پڑے۔ جو پچز ہمیں (نیو یارک میں) موصول ہوئی ہیں وہ بہترین حالت میں ہیں۔‘
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی کہتے ہیں کہ پچز کو بنانے کے لیے کمپنیوں کو بڑے مالی چیلنج کا سامنا رہا۔
وہ کہتے ہیں کہ ’10 پچز کو 20 ٹرکوں پر لے کر جانے سے کافی اخراجات آئے۔ اس کے ساتھ بیک اپ کے لیے ٹرک موجود تھے، رُوٹ کی پلاننگ بھی شامل تھی۔ مجھے اندازہ نہیں ہے کہ ہم کتنی ریاستوں سے گزرے ہیں۔‘
نیو یارک کے ایسن ہوور پارک میں 34 ہزار تماشائیوں کی گنجائش کا ایک عارضی سٹیڈیم بنایا گیا ہے جس میں سٹینڈ اور ہاسپیٹیلیٹی ایریاز کو لگایا گیا ہے جبکہ آؤٹ فیلڈ بھی بچھائی گئی ہے۔
ڈیمین ہو کہتے ہیں کہ نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کی پچ ٹی20 میچوں کے لیے روایتی پچ ہوگی جہاں شائقین کو بیٹرز کی جانب سے دھواں دھار شاٹس دیکھنے کو ملیں گی۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔
ایونٹ کا پہلا میچ میزبان امریکہ اور کینیڈا کے درمیان ڈیلاس میں کھیلا جائے گا جبکہ نیو یارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پہلا میچ 3 جون کو سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔