Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کون ہیں؟

سردار سلیم حیدر پیپلزپارٹی کے دیرینہ رکن ہیں اور ان کا تعلق اٹک سے ہے (فائل فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی گورنر شپ کے لیے اٹک سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما سردار سلیم حیدر خان کو نامزد کر دیا ہے۔
اس بات کی تصدیق سردار سلیم حیدر نے جمعے کو اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کی ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں ان کی نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے موجودہ گورنر بلیغ الرحمان گذشتہ روز عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے جبکہ ان کی جگہ قائم مقام گورنر کا عہدہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کے پاس ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں سردار سلیم حیدر سے ملاقات کے دوران انہیں بطور گورنر پنجاب نامزد کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنما راجہ پرویز اشرف، حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ اور ندیم افضل چن بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے انہیں گورنر پنجاب نامزد ہونے پر مبارک باد بھی دی۔
پنجاب کے گورنر کا عہدہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
عام انتخابات کے بعد ملک میں حکومت سازی کے عمل میں دونوں سیاسی جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ مرکزی حکومت مسلم لیگ ن کے پاس رہے گی جبکہ صدر مملکت کا عہدے کے ساتھ ساتھ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنر کے آئینی عہدے پیپلز پارٹی کے پاس جائیں گے۔ سندھ اور بلوچستان کے گورنر کے عہدے مسلم لیگ ن کے پاس ہوں گے۔ سینیٹ چیئرمین کا عہدہ پیپلزپارٹی رکھے گی۔
اقتدار کی اس تقسیم کے فارمولے کے پہلے مرحلے میں آصف علی زرداری نے صدر کا عہدہ سنبھالا جبکہ یوسف رضا گیلانی چئیرمین سینیٹ منتخب ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم، وفاقی کابینہ اور سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے ن لیگ کے حصے میں آئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید چودھری نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب نامزد ہونے پر ہم مبارک باد دیتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے اس عہدے کے لیے نہایت موزوں شخصیت کو نامزد کیا ہے جس کے نتیجے میں کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ان شااللہ جیالا گورنر اپنی ذمہ داریاں نبھاتے وقت پارٹی کارکنوں کو ساتھ رکھیں گے۔‘

سردار سلیم حیدر کون ہیں؟

سردار سلیم حیدر خان کا تعلق ضلع اٹک سے ہے اور وہ وفاقی وزیر بھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بھی ہیں اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز بھی رہ چکے ہیں۔
May be an image of 5 people and beard
سردار سلیم حیدر خان یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وزیر دفاعی پیداوار رہے (فائل فوٹو: سلیم حیدر، فیس بک)

وہ سنہ 1969 میں اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گریجوایشن سیٹلائٹ ٹاون راولپنڈی سے کی اور زمانہ طالب علمی میں ہی اپنے سیاسی سفر کا آغاز کر دیا۔
سردار سلیم حیدر سنہ 2008 کے عام انتخابات میں پی پی پی کے امیدوار کے طور پر حلقہ NA-59 (اٹک-III) سے پاکستان کی قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے 71,400 ووٹ حاصل کیے اور مسلم لیگ ق کے امیدوار وسیم گلزار کو شکست دی تھی۔ 
نومبر 2008 میں انہیں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی وفاقی کابینہ میں وزیر مملکت برائے دفاعی پیداوار کے طور پر شامل کیا گیا، جہاں انہوں نے فروری 2011 تک خدمات انجام دیں۔  جون 2012 میں وہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی وفاقی کابینہ میں بطور وزیر مملکت برائے دفاع شامل ہوئے اور مارچ 2013 تک خدمات انجام دیں۔ سردار سلیم حیدر خان کو پی ڈی ایم حکومت میں بیرون ملک پاکستانی وزیر مملکت کے طور پر وزیراعظم کے معاون خصوصی کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔

شیئر: