صدر زرداری کی زیر صدارت کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر اجلاس
صدر زرداری کی زیر صدارت کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر اجلاس
بدھ 1 مئی 2024 19:48
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی میں سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے سیف سٹی پروجیکٹ کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو وزیرِاعلٰی ہاؤس کراچی میں سندھ میں امن و امان کی صورت حال پر وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کو بریفنگ دی گئی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے صدر مملکت کو کراچی میں جرائم، کچے کے علاقے اور صوبے کی مجموعی سکیورٹی کی صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ’اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ’کچے کے علاقے میں سکیورٹی صورت حال بہتر بنانے کے لیے مزید پولیس چوکیاں قائم کی جائیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کچے کے علاقے میں آپریشن کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے اور وہاں قبائلی مسائل کے حل کے لیے کمیونٹی اور مقامی رہنماؤں کی مدد حاصل کی جائے۔‘
کراچی میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے صدر مملکت نے کہا کہ ’شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی کا نظام وضع کیا جائے۔‘
’سیف سٹی پروجیکٹ کو جلد مکمل کیا جائے، پولیس چوری شدہ مال کی مؤثر ٹریکنگ یقینی بنائے اور اس حوالے سے مناسب قانونی کارروائی کرے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وفاقی حکومت کے تعاون سے سندھ پولیس کو ضروری سازوسامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔‘
صدر آصف زرداری نے چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ’سندھ کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے اور دریائے سندھ کے دونوں کناروں پر ترقیاتی کام شروع کیے جائیں۔‘
’سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مابین جرائم کی روک تھام حوالے سے مؤثر رابطوں کے لیے نظام تیار کیا جائے۔‘
صدر مملکت نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کراچی شہر کو منشیات سے پاک شہر بنانا ہوگا۔‘
’تعلیمی اداروں میں منشیات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، پولیس ڈرگ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔‘
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ’سندھ حکومت تمام والدین کو منشیات کے خلاف آگاہی فراہم کرے۔‘
’منشیات کے مقدمات میں پولیس کو دائرہ اختیار فراہم کرنے کے لیے وفاقی انسدادِ منشیات قوانین میں ضروری ترامیم کے لیے تجاویز پیش کی جا سکتی ہیں۔‘ دنیا کے بڑے شہروں کی نسبت کراچی میں جرائم کے واقعات کم ہوئے ہیں: وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ ’کراچی میں سٹریٹ کرائمز اور کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی سے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔‘
’گذشتہ سال کی نسبت رواں برس جرائم کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، دنیا کے بڑے شہروں کی نسبت کراچی میں جرائم کے واقعات کم ہوئے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لیے سندھ پولیس نے اہم اقدامات کیے ہیں۔ پولیس کی استعدادِکار میں اضافے کے لیے ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔‘
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ’قانون نافذ کرنے والے ادارے کچے کے علاقے میں بھی کارروائیاں کر رہے ہیں اور صوبے بھر میں امن و امان کی صورت حال کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔‘
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ اور ضیا الحسن لنجار بھی شریک تھے۔