Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اور پاکستانی وزرائے خارجہ کی ملاقات، غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور

ملاقات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گیمبیا میں ملاقات کی ہے۔
دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 15 ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر سنیچر کو ہوئی۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی اور پاکستانی وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی اور اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔‘
’سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔‘ 
دونوں رہنماؤں نے مسلم اُمہ کو درپیش اسلاموفوبیا کے چیلنج سمیت کشمیر اور فلسطین کی صورتِ حال کے تناظر میں او آئی سی کے کردار کی اہمیت اُجاگر کی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے مضبوط برادرانہ تعلقات اور مختلف سطحوں پر دوطرفہ تعاون بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
علاوہ ازیں مشرق وسطیٰ، غزہ اور گردونواح کی صورت حال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیئر: