سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو سوڈان کی خودمختاری کونسل کے سربراہ اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل عبدالفتاح البرھان اور ریپڈ سپورٹ فورس کے فرسٹ کمانڈر محمد حمدان دقلو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق رابطوں کے دوران سوڈان کی موجودہ صورتحال میں تازہ پیش رفت اور سوڈانی عوام پر ان کے اثرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے سوڈان اور اس کے عوام کو مزید تباہی سے بچانے اور وہاں کی انسانی صورتحال کو بگڑنے سے روکنے کےلیے کام کرنے کی اہمیت پر زوردیا۔
ان کا کہنا تھا سوڈانی عوام کے مفادات کو ترجیح دینا، ریاستی اداروں اور سوڈان کے تحفظ کےلیے لڑائی کو روکنا ضروری ہے۔