Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب حسن علی نے پاکستان کے معمر ترین ٹیسٹ کرکٹر وزیر محمد سے ملاقات کی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے پاکستان کے لیجنڈ ٹیسٹ کرکٹر وزیر محمد سے انگلینڈ میں ملاقات کی ہے۔
حسن علی حالیہ دنوں سے کاؤنٹی کرکٹ کلب واروِکشائر کی نمائندگی کے لیے انگلینڈ میں موجود ہیں جہاں وہ سولی ہِل میں واقع لیجنڈری کرکٹر وزیر محمد سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پر گئے۔
حسن علی اور وزیر محمد کی ملاقات کی ویڈیو واروِکشائر کلب نے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی ہے جس میں وزیر محمد کے بھائی مشتاق محمد کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں حسن علی وزیر محمد کو اپنا تعارف کرواتے ہیں جبکہ وزیر محمد اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے حسن علی کو دیکھا ہوا ہے۔
94 برس کے وزیر محمد مزاحیہ انداز میں کہتے ہیں وہ حسن علی کو کھیلیں گے، اُن کی بولنگ کا ٹیسٹ لیں گے۔ 
ویڈیو میں مشتاق محمد حسن علی کو بتاتے ہیں کہ وزیر محمد 1954 میں پاکستانی ٹیم کے پہلے ٹیسٹ ٹور کا حصہ تھے اور تاریخی اوول ٹیسٹ میں وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر تھے۔
اس کے علاوہ وزیر محمد 1954 میں انگلینڈ جانے والی پاکستان ٹیم کے سکواڈ کے واحد حیات کھلاڑی ہیں۔
 

وزیر محمد 1954 میں انگلینڈ جانے والی پاکستانی ٹیم کے سکواڈ کے واحد حیات کھلاڑی ہیں (فوٹو: پی اے)

اس کے بعد مشتاق محمد حسن علی کو محمد برادران کی اکٹھی تصویر دکھاتے ہیں۔
حسن علی وزیر محمد سے پوچھتے ہیں کہ کیا وہ اُن کی بولنگ کھیلنا چاہیں گے؟ اس کے جواب میں لیجنڈری کرکٹر کہتے ہیں کہ ’میں ورلڈ کلاس کرکٹرز کے خلاف کھیلتا تھا۔ ورلڈ کلاس کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنا اعزاز ہوتا ہے۔‘
ویڈیو میں حسن علی بتاتے ہیں وزیر محمد اور اُن کے ٹیسٹ ڈیبیو کے درمیان 65 برس کا فرق ہے۔
خیال رہے کہ وزیر محمد نے پاکستان کی جانب سے 20 ٹیسٹ میچز کھیلے۔ سنہ 1952 میں انڈیا کے خلاف بومبے (ممبئی) کے برابورن سٹیڈیم میں ڈیبیو کرنے والے وزیر محمد نے 20 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کے لیے 804 رنز بنائے۔
 
پاکستان کے محمد برادران کا شمار کرکٹ کی دنیا کے لیجنڈری کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔
وزیر محمد کے علاوہ پاکستانی ٹیم کی حنیف محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد نے نمائندگی کی جبکہ ریئس محمد بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے میں کامیاب رہے۔
اس کے بعد حنیف محمد کے بیٹے شعیب محمد نے بھی پاکستانی ٹیم کی 45 ٹیسٹ اور 63 ون ڈے میچوں میں نمائندگی کی۔
محمد براداران میں سے وزیر محمد، صادق محمد، رئیس محمد اور مشتاق محمد ابھی حیات ہیں تاہم حنیف محمد 2016 میں 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

شیئر: