غیر ملکیوں کو موسم حج کے دوران عارضی ملازمت کا موقع فراہم
’عارضی ملازمت کے خواہشمند ’اجیر‘ ویب سائٹ پر اپنی سی وی اپ لوڈ کرسکتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت ہیومن ریسورسز نے رواں سال موسم حج کے دوران عارضی ملازمت کے خواہشمند سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو موقع فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق موسم حج کے دوران عارضی ملازمت کے خواہشمند ’اجیر‘ ویب سائٹ پر اپنی سی وی اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’اجیر ویب سائٹ پر حج کے متعلق خدمات کے لیے الگ لنک موجود ہے جہاں عارضی ملازمت کے خواہشمندوں کو اجازت نامے جاری ہوں گے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’موسم حج کے دوران خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو عارضی ملازمین تلاش کرنے میں آسانی ہوگی نیز ملازمین کو بھی یہی سہولت حاصل ہوگی کہ وہ تمام اداروں میں اپنی خدمات پیش کر سکیں گے‘۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ ’مشاعر مقدسہ میں خدمات فراہم کرنے والے افراد کے لیے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے‘۔
’اجیر ویب سائٹ کے ذریعہ موسم حج کے دوران خدمات انجام دینے کے لیے اداروں کو بیرون ملک سے ملازمین لانے کی ضرورت نہیں ہوگی‘۔
’اجیر ویب سائٹ ملازمت کے لیے لچکدار اور آسانی پر مبنی سہولت ہے جس سے اداروں سمیت ملازمین بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں‘۔
اجیر ویب سائٹ پر اپنا اندراج کرانے کے لیے لنک پر کلک کریں۔