Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نو مئی فردِ واحد کی آمریت قائم کرنے کا مذموم منصوبہ تھا: وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے نو مئی کے واقعات کو ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف بغاوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نو مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی پی) کے مطابق جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’نو مئی کے واقعات کا اصل مقصد جمہوریت کا خاتمہ، آئین کی پامالی، فردِ واحد کی بادشاہت اور آمریت قائم کرنے کا مذموم منصوبہ تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سوچنے کی بات یہ ہے کہ ایک سال گزرنے کے باوجود نو مئی کے مجرموں کو سزا نہیں مل سکی۔‘
’ہم پوری قوم کو یکسوئی اور اتحاد کے ساتھ یہ پیغام دیتے ہیں کہ اپنے شہدا،  ہیروز  اور ان کے اہل خانہ کو  ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘
گزشتہ برس نو مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد میں گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔ ان ہنگاموں اور احتجاجی مظاہروں کے دوران سرکاری و نجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔
تحریک انصاف نو مئی کے واقعات کو ’فالس فلیگ آپریشن قرار دی رہی ہے جبکہ حکمراں اتحاد میں شامل جماعتیں اسے پی ٹی آئی کا باقاعدہ منصوبہ بندی سے کیا گیا اقدام قرار دیتی ہیں۔
کابینہ کے اجلاس سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ ’نو مئی کے دن دفاعی اداروں، شہدا اور غازیوں کی یادگاروں  پر حملے کیے گئے۔ یہ واقعات ریاست، افواج پاکستان اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خلاف بغاوت تھی۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ’پاکستان کو مل کر بحرانوں سے نکال کر معاشی بہتری  کے راستے پر گامزن کریں گے(فائل فوٹو: اے ایف پی)

وزیراعظم نے کہا کہ ’آج ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کو مل کر بحرانوں سے نکال کر معاشی بہتری  کے راستے پر گامزن کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کوئی جمہوری اور آئین و قانون پر عمل پیرا ملک اپنے ہیروز اور شہدا کے حوالے سے اس طرح  کے رویے کو برداشت نہیں کر سکتا۔ کیا امریکہ اور برطانیہ میں  فسادیوں کو سزائیں نہیں دی گئیں۔‘
وزیراعطم کا کہنا تھا کہ ’یہ بات طے ہے کہ یہ بغاوت کا ایک منظم منصوبہ تھا اور اس کی پوری طرح منصوبہ بندی کی گئی اور جتھوں کو بتایا گیا تھا کہ کب کہاں اور کس وقت حملہ کرنا ہے۔‘
اجلاس میں موجود وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ’ملکوں کی تاریخ میں نو مئی جیسے واقعات قابل قبول نہیں ہوتے۔‘

شیئر: