فاسٹ بولر محمد عامر آج آئرلینڈ روانہ ہوں گے، سیریز کے پہلے میچ سے آؤٹ
محمد عامر ویزا نہ ملنے کے باعث سکواڈ کے ہمراہ آئرلینڈ روانہ نہیں ہو سکے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کو بالآخر آئرلینڈ کا ویزا مل گیا ہے۔
محمد عامر کو تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے آئرلینڈ جانے کا ویزا ملنا تاخیر کا شکار رہا تاہم فاسٹ بولر جمعرات کو ویزا حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
فاسٹ بولر محمد عامر جمعہ کی صبح ساڑھے تین بجے کی فلائٹ سے ڈبلن، آئرلینڈ کے لیے روانہ ہوں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق محمد عامر جمعہ کو ڈبلن میں ٹیم کو جوائن کرلیں گے لیکن پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ان کے سلیکشن پر غور کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔
محمد عامر اتوار اور منگل کو کھیلے جانے والے دوسرے اور تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل کے لیے دستیاب ہوں گے۔
محمد عامر کی روانگی دیر سے ویزا جاری ہونے کے سبب تاخیر کا شکار ہوئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کوششوں سے محمد عامر کا ویزا جاری ہوا۔
خیال رہے کہ محمد عامر ویزا نہ ملنے کے باعث پاکستانی سکواڈ کے ہمراہ آئرلینڈ روانہ نہیں ہو سکے تھے۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 10، 12 اور 14 مئی کو ٹی20 میچزڈبلن کے کاسل ایونیو سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
آئرلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عرفان خان نیازی، صائم ایوب، عثمان خان، آغا سلمان، عماد وسیم، شاداب خان، عباس آفریدی، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، محمد عامر، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم چار ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی20 میچز بالترتیب 22، 25، 28 اور 30 مئی کو کھیلے جائیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوران ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے حتمی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
اس سیریز کے بعد ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے امریکہ اور ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی۔