Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن میں ڈرونز اور فضائی ٹیکسیاں استعمال ہوں گی: وزیر ٹرانسپورٹ

عازمین حج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔ (العربیہ نیٹ)
وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروس انجینئرصالح الجاسر نے کہا ہے کہ امسال حج سیزن میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جائیں گی تاکہ عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بلند کیا جائے۔
العربیہ نیٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ  حج 2024 میں جدید ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرتے ہوئے فضائی ٹیکسیاں اورڈرونز کا استعمال کیا جائے گا۔
انجینئرالجاسر نے مزید کہا کہ حج سیزن میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کا شعبہ انتہائی اہم ہوتا ہے۔ عازمین حج کی نقل وحمل کو منظم کرنے کے لیے مرتب شدہ جامع پروگرام کے تحت وقت مقررہ پرعملی اقدامات کرنا ہوتے ہیں تاکہ حجاج کرام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حج امور میں لاجسٹک سپورٹ کے لیے وزارت ٹرانسپورٹ دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے جس کا بنیادی ہدف عازمین حج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا مزید کہنا تھا کہ حج سیزن کے آغاز سے ہی وزارت کے اہلکار مستعد ہوجاتے ہیں پہلے عازم حج کے مملکت آنے کے ساتھ ہی سیزن کا آغاز ہو جاتا ہے اور آخری عازم حج کے مملکت سے روانہ ہونے تک خدمات کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
وزارت نقل وحمل نے گزشتہ برس حج سیزن میں 38 ہزار اہلکاروں پر مشتمل گرینڈ فورس کے ذریعے حج آپریشن کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔ امسال بھی اسی مستعدی سے حج سیزن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ فضائی، بری  اور ریلوے تمام ذرائع سے آنے والے عازمین کی خدمت میں مصروف ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: