Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئرلینڈ نے تاریخ رقم کر دی، پاکستان کو پہلی بار ٹی20 میچ ہرا دیا

پاکستان کو پہلا نقصان محمد رضوان کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
جمعے کو ڈبلن کے کاسل ایوینیو سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کو 19.5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
آئرلینڈ کی جانب سے اینڈی بالبرنی نے 77، ہیری ٹیکٹر نے 36 اور جورج ڈوکریل نے 24 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے عباس آفریدی نے دو جبکہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ آئرلینڈ کی پاکستان کے خلاف ٹی20 کرکٹ میں پہلی جیت ہے۔
آئرلینڈ کی اننگز
آئرلینڈ کے اوپنرز نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کرنے کی کوشش کی تاہم دوسرے اوور کی پانچویں گیند پر نسیم شاہ نے پاکستان کو پہلی کامیابی پاؤل سٹرلنگ کی وکٹ کی صورت میں دلوا دی۔
فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار وکٹ پر عباس آفریدی نے بھی میچ میں اپنی پہلی گیند پر ہی فائدہ اٹھا لیا اور لورکان ٹکر کو 4 کے انفرادی سکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔
دو وکٹیں جلدی گرنے کے باوجود آئرش بیٹرز نے اپنے اوپر دباؤ کو نہ آنے دیا اور اینڈی بالبرنی اور ہیری ٹیکٹر نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی۔
تیسری وکٹ کے لیے دونوں بیٹرز کے درمیان 77 رنز کی پراعتماد شراکت دیکھنے کو ملی۔
اس شراکت کو دیکھ کر لگنے لگا کہ دونوں بیٹرز میچ کو آسانی سے اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈال دیں گے لیکن 13ویں اوور کی آخری گیند پر عماد وسیم نے ہیری ٹیکٹر کو 36 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔
 

اینڈی بالبرنی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ففٹی سکور کی (فوٹو: کرکٹ آئرلینڈ)

تین کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد بھی آئرش بیٹرز نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور اینڈی بالبرنی اور جورج ڈوکریل نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی۔
اس شراکت کے بعد میچ پاکستان کے ہاتھ سے تیزی سے نکلنے لگا تاہم 17 ویں اوور میں عباس آفریدی نے جورج ڈوکریل کی وکٹ حاصل کر کے ٹیم کو میچ میں واپس لا کھڑا کیا۔
پاکستان کو میچ جیتنے کی بڑی امید 19 ویں کی چوتھی گیند پر ایک مرتبہ پر حاصل ہوئی جب شاہین آفریدی نے اینڈی بالبرنی کو 77 کے انفرادی سکور پر بولڈ کر دیا۔
آئرلینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے تاہم کرٹس کیمفر عباس آفریدی کو دو چوکے رسید کر کے اپنی ٹیم کو میچ آسانی سے جتوا دیا۔
 

تیسری وکٹ کے لیے اینڈی بالبرنی اور ہیری ٹیکٹر کے درمیان 77 رنز کی پراعتماد شراکت دیکھنے کو ملی (گیٹی امیجز)

اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 57، صائم ایوب نے 45 اور افتخار احمد نے 37 رنز بنائے۔
آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ نے دو جبکہ مارک اڈائر اور گیراتھ ڈیلانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان کو پہلا نقصان محمد رضوان کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
دوسری وکٹ کے لیے صائم ایوب اور بابر اعظم کے درمیان 57 گیندوں پر 87 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
آئرلینڈ کو دوسری کامیابی صائم ایوب کی وکٹ کی صورت میں حاصل ہوئی جب وہ 45 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔
اس دوران بابر اعظم اپنے روایتی انداز میں بیٹنگ کرتے رہے اور ففٹی بنانے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کو تیسرا نقصان کپتان بابر اعظم کی وکٹ کی صورت میں ہو جو 57 رن بنا کر کریگ ینگ کی گیند پر وکٹ دے بیٹھے۔
آئر لینڈ کی ٹیم پاکستانی بیٹنگ لائن اپ پوری طرح حاوی رہی اور بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے دو گیندوں بعد پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی جب اعظم خان صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
 

آئرلینڈ کی ٹیم پاکستانی بیٹنگ لائن اپ حاوی رہی (فوٹو: کرکٹ آئرلینڈ)

آئرلینڈ کو پانچویں وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہ پڑا جس کے بعد شاداب خان صفر کے سکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔
کاسل ایوینیو سٹیڈیم میں کمزور حریف کے سامنے فخر زمان کا بلا بھی کھل کر نہ چلا جس کے باعث وہ 18 گیندوں پر 20 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوگئے۔
جمعے کو ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیمیں 15 برس کے طویل عرصے کے بعد ٹی20 مقابلے میں آمنے سامنے آئیں۔
اس میچ سے قبل پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان اب تک صرف ایک ٹی20 میچ کھیلا جا چکا تھا جس میں پاکستان نے 39 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
 

دوسری وکٹ کے لیے صائم ایوب اور بابر اعظم کے درمیان 57 گیندوں پر 87 رنز کی شراکت قائم ہوئی (فوٹو: گیٹی امیجز)

دونوں ٹیموں کے درمیان وہ میچ 2009 کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلا گیا تھا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور عباس آفریدی شامل تھے۔
آئرلینڈ کے پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے آئرلینڈ کی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں پاؤل سٹرلنگ (کپتان)، مارک ایڈائر، اینڈی بالبرنی، کرٹس کیمفر، گیرتھ ڈیلانی، جورج ڈوکریل، بیری مککارتھی، ہیری ٹیکٹر، لورکان ٹکڑ (وکٹ کیپر)، بین وائٹ اور کریگ ینگ شامل تھے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 12 مئی کو کھیلا جائے گا۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم چار ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی20 میچز بالترتیب 22، 25، 28 اور 30 مئی کو کھیلے جائیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوران ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے حتمی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
اس سیریز کے بعد ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے امریکہ اور ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی۔

شیئر: