Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے والا پانچ سالہ بچہ ایک ماہ بعد بازیاب

بچے کے والد کے مطابق 14 اپریل کو ایاز پٹھان کو کندھ کوٹ میں گھر کے قریب سے کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کیا تھا۔ (فوٹو: سندھ پولیس)
سندھ کے ضلع کشمور میں کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے پانچ سالہ بچے ایاز پٹھان کو تقریباً ایک ماہ بعد بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ایاز پٹھان کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کیا تھا اور بازیابی کے بدلے بھاری تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
ڈاکوؤں نے زنجیر سے باندھے ہوئے کمسن بچے کی ویڈیو اہلخانہ کو بھیج کر تاوان ادا نہ کرنے پر اسے قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سیاسی رہنما اور شہری سندھ حکومت اور پولیس کو ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔
جمعے کو بچے کے والد اللہ نور ملاخیل نے اردو نیوز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے کندھ کوٹ سندھ میں موٹرسائیکل پر کپڑے بیچنے کا کام کررہے ہیں۔
’14 اپریل کو پانچ سالہ بیٹے کو کندھ کوٹ میں گھر کے قریب سے کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا اور ایک کروڑ روپے تاوان مانگا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میں غریب شخص ہوں اتنی رقم زندگی بھر میں دیکھی نہیں اس لیے اتنی بڑی رقم کا بندوبست ناممکن تھا۔ جرگے کیے اور قران لے جا کر ڈاکوؤں سے اپیل کی لیکن وہ تاوان کی ادائیگی کے بغیر بچے کو چھوڑنے پر تیار نہیں تھے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے بچے کو تشدد کا نشانہ بنا کر ویڈیو بھیجی تو میں نے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی۔
اللہ نور کے بقول اس سے پہلے کئی بار پولیس سے درخواست کی مگر انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی جب ویڈیو وائرل ہوئی تو کوئٹہ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور کراچی سمیت ملک بھر سے لوگوں نے رابطے کیے۔
وزیراعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی اور سابق وزیراعلٰی نواب ثناء اللہ زہری سمیت دیگر حکومتی شخصیات نے بھی معاملے میں دلچسپی لی اور سندھ پولیس پر دباؤ بڑھ گیا۔

پولیس، رینجرز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن کر چکے ہیں۔ (فوٹو: سندھ پولیس)

کوئٹہ کے ملاخیل قبائل نے جرگہ کر کے بچے کی عدم بازہابی کی صورت میں قبائلی لشکر کے ساتھ کچے کے علاقے جانے کی دھمکی دی تھی۔
بچے کے والد نے دعویٰ کیا کہ دباؤ بڑھنے پر سندھ پولیس نے رقم جمع کر کے تاوان ادا کر کے بچے کو بازیاب کرایا۔
تاہم کشمور پولیس کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ بچے کو ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے کے بعد بازیاب کرایا گیا۔
ترجمان کے مطابق کشمور پولیس نے تھانہ گیھلپور اور حاجی خان شر کی حدود میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا اس دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ ہوئی۔ ڈاکو مغوی بچے کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ کشمور پولیس کی جانب سے علاقے میں ناکہ بندی کر کے مفرور ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

شیئر: