حج سیزن کے جعلی اشتہارت، مکہ ریجن میں دو غیر ملکی اور ایک شہری گرفتار
ملزمان کو قانونی اقدامات کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں مکہ ریجن کی پولیس نے دو مصری باشندوں اور ایک شہری کو سوشل میڈیا سائٹس پر حج سیزن کے جعلی اور گمراہ کن اشتہارت کی تشہیر پر گرفتار کیا ہے۔
العربیہ کے مطابق ایک بیان میں پولیس ترجمان نے وضاحت کی کہ دھوکہ دہی کے مقصد سے جعلی اشتہارات میں عازمین کو رہائش کی فراہمی اور انہیں مشاعر مقدسہ لے جانا شامل ہے۔
ملزمان کو قانونی اقدامات کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔
اس سے قبل مکہ ریجن میں پولیس نے فرضی حج کمپنی چلانے والے دو مصری باشندوں کو حراست میں لیا تھا۔ سوشل میڈیا پر فرضی حج کمپنی کے نام پر تشہیری مہم چلا رکھی تھی۔
سعودی ادارہ امن عامہ نے بھی شہریوں اورمملکت میں مقیم غیرملکیوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ سوشل میڈیا پرفرضی حج کمپنیوں کے اشتہارات کے چکر میں نہ آئیں۔
ادارہ امن عامہ کا کہنا تھا کہ’ایسے جعل سازوں سے ہوشیار رہا جائے جو حج کی قربانی کرنے،حج پرمٹ یا کڑا فراہم کرنے کے علاوہ مکہ کےلیے ٹرانسپورٹ سروس وغیرہ کی فراہمی کا دعوی کرتے ہیں‘۔
واضح رہے حج سیزن کے آغاز سے ایسی فرضی کمپنیاں مارکیٹ میں آجاتی ہیں جو یہ دعوی کرتی ہیں کہ وہ داخلی حج سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
فرضی کمپنیوں کے نمائندے حج سروس کے نام پر لوگوں کی بکنگ کرکے ان سے رقم لے کر غائب ہوجاتے ہیں۔