جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار رہیں، وزارت تجارت کا انتباہ
ہیکرز نے وزارت کے نام سے جعلی ویب سائٹس جاری کی ہیں (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت تجارت نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وزارت کے نام سے جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار رہیں جو ’تجارتی دھوکہ دہی ‘ کے عنوان سے جعلی ویب کے ذریعے لوگوں کے کمپیوٹرز کو ہیک کرتے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ جعل ساز وزارت تجارت کا نام استعمال کرتے ہوئے ہیکنگ کے نئے انداز اختیار کر رہے ہیں۔
جعل ساز انٹرنیٹ پر وزارت کا نام استعمال کرتے ہوئے مختلف عنوانوں کے تحت متحرک ہیں۔ ان میں ’تجارتی دھوکے کی رپورٹ‘، ’بلاغ تجاری‘، ’اپنی شکایت درج کرائیں‘ (سجل بلاغا رسمیا الیوم) کے عنوان شامل ہیں۔ ان کا وزارت سے تعلق نہیں۔ ایسی غیرسرکاری ویب سائٹ کو قطعی طورپر وزٹ نہ کیا جائے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ صارفین کسی بھی معلومات کے لیے وزارت کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کر سکتے ہیں علاوہ ازیں کسی بھی تجارتی دھوکہ دہی کی اطلاع کے لیے ایپ ’بلاغ تجاری ‘ یا ٹول فری نمبر 1900 پررابطہ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے ہیکرز کی جانب سے مختلف سرکاری اداروں کا نام اور مونوگرام استعمال کرتے ہوئے لوگوں کے کمپیوٹرز اور موبائلز کو ہیک کر لیتے ہیں۔
جعلی ویب سائٹ کا وزٹ کرتے ہی ہیک ہونے والے کے کمپیوٹر یا موبائل کی تمام معلومات ہیکر کے پاس منتقل ہو جاتی ہے جو نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔