Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انڈیا ٹی20 ورلڈ کپ ٹاکرا: برمنگھم کے ایجبسٹن سٹیڈیم میں فین پارک بنایا جائے گا

آئی سی سی کی جانب سے پہلی مرتبہ برطانوی کرکٹ فینز کے لیے ایجبسٹن سٹیڈیم میں میچ براہ راست دیکھنے کی سہولت دی جا رہی ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)
برطانیہ میں رہنے والے پاکستانی اور انڈین کرکٹ فینز کے لیے خوشی سے بھرپور خبر سامنے آ رہی ہے کہ برمنگھم کے تاریخی ایجبسٹن سٹیڈیم میں ٹی20 ورلڈ کپ میں ہونے والے ہائی وولٹیج پاک انڈیا میچ کے لیے فین پارک بنایا جائے گا۔
ویب سائٹ ’ایجبسٹن ڈاٹ کام‘ کے مطابق ایجبسٹن سٹیڈیم اگلے مہینے ہونے والے پاکستان اور انڈیا کے میچ کے لیے بہت بڑا فین پارک بنانے کے لیے تیار ہے۔
9 جون کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے پاک انڈیا میچ کے دوران ایجبسٹن سٹیڈیم میں آٹھ ہزار سے زائد تماشائیوں (فینز) کی آمد متوقع ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے پہلی مرتبہ برطانوی کرکٹ فینز کے لیے ایجبسٹن سٹیڈیم میں میچ براہ راست دیکھنے کی سہولت دی جا رہی ہے۔
اس میچ کے لیے ایجبسٹن سٹیڈیم میں بڑی سکرین لگائی جائے گی اور شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ کامیڈین اور کرکٹ کمنٹیٹر عاطف نواز کی میزبانی سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔
فین پارک کے دوران عاطف نواز سابق پاکستانی اور انڈین کھلاڑیوں کا سٹیج پر انٹرویو بھی کریں گے۔
ایجبسٹن چیف ایگزیکیٹیو سٹورٹ کینز نے اس بارے میں کہا کہ ’ایبجسٹن ملک میں واحد سٹیڈیم ہے جسے آئی سی سی کی جانب سے ٹی20 ورلڈ کپ کے فین زون لوکیشن کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔‘
 

اس فین پارک میں جہاں تماشائیوں کو بڑی سکرین پر لائیو کمنٹری کے ساتھ میچ دیکھنے کا موقع ملے گا (فوٹو: اے ایف پی)

اس فین پارک میں جہاں تماشائیوں کو بڑی سکرین پر لائیو کمنٹری کے ساتھ میچ دیکھنے کا موقع ملے گا وہیں تماشائیوں کے لیے فیملی پکنک ایریا بھی بنایا گیا ہے جہاں دونوں ممالک کے مداح خوب ہلہ گلہ کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا آغاز دو جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔
ایونٹ کا پہلا میچ میزبان امریکہ اور کینیڈا کے درمیان ڈیلاس میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: