Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طلبہ نے عالمی سائنس اور ٹیک مقابلوں میں 114 ایوارڈز حاصل کیے

سعودی وزیر تعلیم نے طلبہ کی کامیابیوں پر اعلی قیادت کو مبارکباد دی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر تعلیم یوسف البنیان سے امریکہ میں ہونے والے ’ریجنیرون انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجینیئرنگ فیئر‘ (آیسف 2024) اور انٹرنیشنل انوینشن، انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی کمپیٹیشن اینڈ ایگزیبشن (آٹیکس 2024) میں سعودی طلبہ کی کامیابیوں پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کو مبارکباد دی ہے۔
سعودی طلبہ کی ٹیم نےآیسف 2024 اورآٹیکس 2024 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 114 اعزازات اپنے نام کیے۔
 لاس اینجلس میں آیسف 2024 کا انعقاد 10 سے 18 مئی تک جبکہ ملائیشیا میں آٹیکس 2024 کا انعقاد 16 اور17 مئی تک ہوا۔ سعودی طلبہ نے کنگ عبدالعزیز فاونڈیشن موھبہ اور وزارت تعلیم کی نمائندگی کی۔
سعودی وزیر تعلیم کا کہنا تھا’ طلبہ کی شاندار کارکردگی یہ ظاہر کرتی ہے کہ سعودی قیادت میں عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کے حصول کے لیے تعلیم پر توجہ دی جا رہی ہے‘۔
انہوں نے سعودی طلبہ، ان کے اہل خانہ اور ایجوکیشن پارٹنرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں کردار ادا کیا۔ ان میں کنگ عبدالعزیز فاونڈیشن موھبہ، طویق اکیڈمی اور مسک سکول شامل ہیں‘۔
یاد رہے کہ سعودی طلبہ کی ٹیم نے امریکہ میں آیسف 2024 میں 18 بڑے اور 9 خصوصی ایوارڈ  سمیت 27 اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔
بڑے ایوارڈز میں سعودی ٹیم نے دوسری پوزیشن کے دو، تیسری پوزیشن کے چھ اور چوتھی پوزیشن کے دس انعامات حاصل کیے۔

بہترین کارکردگی کے حصول کے لیے تعلیم پر توجہ دی جا رہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی طالب علم حمد الحسینی نے انرجی اور عبیر الیوسف نے کیمسٹری میں دوسری پوزیشن کے ایوارڈ حاصل کیے۔
الیاس خان نے بائیو میڈیکل اور ہیلتھ سائنسز، سلمان المسند اور لطیفہ الغنام نے انرجی، ترکی الدلامی نے انوائرمینٹل سائنسز، تھانی احمد نے میٹریل سائنس اور لیلی زواوی نے میڈیکل سائنسز میں تیسری پوزیشن کے انعامات حاصل کیے۔
ملائیشیا میں آٹیکس 2024 میں سعودی طلبہ نے 48 پروجیکٹس میں 87 گولڈ اور سلور میڈل اور بڑے انفرادی انعامات حاصل کیے۔ بڑے انعامات جیتنے والے سعودی طلبہ میں لمیا العتیبی، محمد ابو غندر اور السدیم العدیبی شامل ہیں۔
موھبہ کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر آمال الھزاع نے کہا کہ ’یہ کامیابی سعودی وژن 2030 کے اہداف اور اقدامات کے حصول میں موھبہ، وزارت تعلیم اور ان کے سٹرٹیجک شراکت داروں کی مشترکہ کوششوں اور ایکدوسرسے تعاون کی عکاس ہے‘۔

شیئر: