مکہ روٹ کے ذریعہ پاکستانی عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری
’اینیشیٹو کی انتظامیہ پاکستان کے ہوائی اڈوں میں عازمین حج کو ہر طرح کی سہولت فراہم کر رہی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
پاکستان کے مختلف ہوائی اڈوں سے روٹ ٹو مکہ کی سہولت سے فائدہ اٹھانے والےعازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو کی انتظامیہ پاکستان کے ہوائی اڈوں میں عازمین حج کو ہر طرح کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو سے پاکستان کے علاوہ 7 ممالک فائدہ اٹھا رہے ہیں جس کے ذریعہ عازمین حج کی سفری کارروائی انتہائی سلیس اور آسان ہوجاتی ہے۔
دوسری طرف حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے آنے والے پاکستانی عازمین نے بھی فراہم کی جانے والی سہولت پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔
وزارت حج و عمرہ سمیت دیگر تمام ادارے جو عازمین حج کی خدمت پر مامور ہیں عازمین کو سعودی عرب آمد سے لے مناسک کی ادائیگی کے بعد وطن واپسی تک ہر ممکن سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو کے تحت عازمین حج کی تمام سفری کارروائی ان کے اپنے وطن کے ہوائی اڈے میں انجام دی جاتی ہے۔
سعودی عرب پہنچنے پر انہیں کسی قسم کی کاغذی کارروائی کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ وہ ایئرپورٹ بسوں اور ٹرین کے ذریعہ سیدھا ہوٹل پہنچتے ہیں جہاں ان کا سامان انہیں مل جاتا ہے۔