Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان: 109 پروازوں سے 26 ہزار 711 عازمین حج سعودی عرب پہنچے

پاکستان سے براہ راست جدہ کے لیے حج پروازوں کا آغاز 23 مئی سے ہو گا۔ فوٹو: اے ایف پی
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ 109 پروازوں کے ذریعے 26 ہزار 711 عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
منگل کو وزارت مذہبی امور سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے پاکستان حج مشن کے زیرِ انتظام عازمین کی رہائش، خوراک اور سفری سہولیات کا جائزہ لیا اور عازمین سے ملاقاتیں کیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ میں 8 روزہ قیام کے بعد 6 ہزار 11 عازمین حج کے اولین قافلے مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔
پرائیویٹ حج سکیم کے تحت ایک ہزار سے زائد عازمین کرام سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
وزارت کے مطابق عازمین حج کی دیکھ بھال اور انتظامات کے لیے 336 معاونین حج سعودی عرب میں تعینات ہیں۔
پاکستان حج میڈیکل مشن کے تحت 116 ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل عملہ سعودی عرب میں اپنی خدمات دے رہا ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی حکام کے تعاون سے 14 ہزار سے زائد عازمین کو ریاض الجنہ کی زیارت کروائی گئی ہے۔
رواں برس پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے، جن میں سے 63 ہزار 805  افراد سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے جبکہ باقی عازمین پرائیویٹ حج سکیم کے تحت جائیں گے۔
پاکستان سے براہ راست جدہ کے لیے حج پروازوں کا آغاز 23 مئی سے ہو گا۔

شیئر: