نائب گورنر مکہ مکرمہ کی زیر صدارت اجلاس، حج سیزن کی تیاریوں پر بریفنگ
وزارت صحت کی جانب سے ہسپتال اور صحت مراکم قائم کیے گئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
گورنر مکہ مکرمہ اور خادم حرمین شریفین کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل کی رہنمائی میں نائب گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل نے حج امور کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے کے مطابق ڈپٹی گورنرشہزادہ سعود بن مشعل کو حج سیزن 2024 کے حوالے سے تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
مکہ میونسپلٹی نے حج آپریشن کے حوالے سے بتایا کہ’ اس سال 11 ہزار 800 کارکن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں‘۔
’مشاعر مقدسہ بلدیہ کی حدود میں 28 سروس سینٹرز قائم کیے گئے جہاں حج کے ایام میں 24 گھنٹے سروسز فراہم کی جائیں گی‘۔
میونسپلٹی کی جانب سے اشیائے خورونوش اور مارکیٹوں کی نگرانی کے لیے مختلف ٹیمیں ترتیب دی گئی ہیں جبکہ صفائی کے امور کو منظم رکھنے کےلیے ہیوی اور لائٹ مشنری کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
مشاعر مقدسہ سے کچرے کو کمپریس کرنے کےلیے 912 ہیوی پریس مشینیں نصب ہیں جن کے ذریعے کچرے کو دبا کر ان کا حجم مختصر کیا جاتا ہے تاکہ کچرے کو وہاں سے منتقل کرنے میں سہولت ہو۔
سڑکوں اور مختلف مقامات کی صفائی اور دھلائی کےلیے بھی خصوصی ویکیوم کلینرز فراہم کیے گئے ہیں۔ مچھروں اور حشرات کے خاتمے کےلیے اسپرے ٹیموں میں بھی اضافہ کیا گیا۔
وزارت صحت کی جانب سے 16 ہسپتالوں اور 123 ڈسپنسریز کے علاوہ 5 صحت مراکز مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں بھی قائم کیے گئے ہیں جبکہ ان کی معاونت کےلیے اجیاد اور حرم ہسپتال بھی موجود ہے۔
ایمرجنسی خدمات کے لیے 80 چھوٹی جبکہ 75 بڑی ایمبولینس فراہم کی گئی ہیں جبکہ مسجد نمرہ اور جبل الرحمہ کے اطراف اور جمرات کے قریب 33 ایمرجنسی یونٹس تعینات کیے گئے۔