پاکستان میں شدید گرمی کی لہر، بارش کن علاقوں میں متوقع ہے؟
جمعرات 23 مئی 2024 14:42
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے بیشتر علاقوں میں اگلے 24 گھنٹے کے دوران موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لہرکے زیراثر رہیں گے۔ تاہم رات میں گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت موہنجو داڑو، جیکب آباد، دادو میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب سبی، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، روہڑی، خیرپور، سکھر، پڈعیدن، نور پور تھل میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ اور مٹھی، چھور، بہاولنگر، بھکر، کوٹ ادو اور رحیم یار خان میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم شدید گرم اورخشک رہے گا۔ اس دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ تاہم رات میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کا امکان۔
صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شدید گرم رہے گا۔ اس دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 06 سے08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ تاہم رات میں میں خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات اور گردو نواح میں آندھی چلنے اور گرج چمک کا امکان ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا۔ اس دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ رات میں چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شدید گرم ر ہے گا۔ اس دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا۔ اس دوران بالائی اضلاع میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم گرم اورخشک رہے گا۔ اس دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ تاہم رات کے اوقات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔