Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں سی ڈی اے کا آپریشن، پی ٹی آئی کا مرکزی سیکریٹریٹ سیل

کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹریٹ پر آپریشن کے دوران اس کا ایک حصہ گرا کر اسے سیل کر دیا ہے جبکہ موقع پر گرفتار کیے گئے رہنما عامر مغل کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
جمعرات کی رات دیر گئے اسلام آباد کے سیکٹر G-8 میں واقع پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر میں سی ڈے اے نے اسلام آباد پولیس کی مدد سے آپریشن کیا۔ اس دوران بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے عمارت کا ایک حصہ گرا دیا گیا۔
اس حوالے سے سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ ’یہ آپریشن ایک سیاسی جماعت کی جانب سے قائم کی گئی تجاوزات کے خلاف کیا گیا ہے، یہ پلاٹ سرتاج علی نامی شخص کے نام ہے اور یہاں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔‘
آپریشن کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے مزاحمت بھی کی جس پر پولیس نے کچھ کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
بعدازاں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آج پی ٹی آئی آفس میں ایسا آپریشن ہوا جیسے اسرائیل فلسطین میں کر رہا ہے۔ اگر بلڈنگ ہر اعتراض تھا تو ہمارے پاس آتے، ہمیں تجاوزات کے حوالے سے بتایا جاتا ہم ان کو الگ کرتے۔‘
’سی ڈی اے والے آتے ہم ان کو وہ ہمیں دستاویزات دکھاتے، احسن طریقے سے معاملے کو نمٹایا جا سکتا تھا۔ بانی چئیرمین (عمران خان) چونکہ پاکستان میں آئین کی بات کر رہے ہیں اس لیے یہ سب ہوا۔‘

 

شیئر: