ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کوالیفائر کے لیے سعودی فٹبال سکواڈ کا اعلان
ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کوالیفائر کے لیے سعودی فٹبال سکواڈ کا اعلان
جمعہ 24 مئی 2024 9:14
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سعودی ٹیم 6 جون کو پاکستان کے خلاف اسلام آباد میں اور 11 جون کو ریاض میں اردن کے خلاف میچز کھیلے گی۔
پاکستان کے خلاف جون میں فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ 2 کے لیے سعودی عرب کی فٹبال ٹیم کے سکواڈ کا اعلان ہو گیا ہے۔
جمعے کو سعودی فٹبال ٹیم کے کوچ روبرٹو مانسینی نے 2026 کے ورلڈ کپ اور 2027 کے ایشین کپ کوالیفائر کی پانچویں اور چھٹی گیمز کی تیاری کے لیے 31 کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان کیا۔
سعودی ٹیم 6 جون کو پاکستان کے خلاف اسلام آباد میں اور 11 جون کو ریاض میں اردن کے خلاف میچز کھیلے گی۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ جمعرات کو سعودی فٹبال ٹیم کا ریاض میں تربیتی کیمپ لگایا جائے گا جس میں الہلال اور النصر کے کھلاڑی شامل نہیں ہوں گے۔ دونوں کلبز کے کھلاڑی 2 جون کو کنگز کپ کے فائنل کے بعد اپنی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
دوسری جانب النصر کے کھلاڑی سلطان الغنم بھی سکواڈ میں شامل ہو چکے ہیں۔ سلطان اور پانچ دیگر بین الاقوامی کھلاڑیوں کو قطر میں ہونے والے اے ایف سی ایشین کپ سے قبل نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں پر سزائیں دی گئی تھیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سلطان الغنم نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا ایک بے مثال اعزاز ہے۔ میں انتظامی اور تکنیکی اداروں سمیت ٹیم کے انچارج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اور مجھے امید ہے کہ میں اپنے باقی ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایسا کھیل پیش کروں گا جو سعودی فٹبال کے معیار پر پورا اترتا ہو۔‘