پاکستان سے جدہ فلائٹ آپریشن کا آغاز، پہلی دو پروازوں سے 720 عازمین حج کا خیرمقدم
پاکستان سے جدہ فلائٹ آپریشن کا آغاز، پہلی دو پروازوں سے 720 عازمین حج کا خیرمقدم
جمعہ 24 مئی 2024 18:23
عازمین حج کو گلدستے، مٹھائیاں اور زمزم پیش کیا گیا (فوٹو: پاکستان قونصلیٹ جدہ)
پاکستان سے روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت جدہ فلائٹ آپریشن کا آغاز ہوا ہے۔ جمعے کو کراچی اور اسلام آباد سے 720 عازمین دو پروزاوں کے ذریعے جدہ پہنچے ہیں۔
جمعے کی صبح جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر السعودیہ کی دو پروازوں سے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کیا گیا۔
قونصل جنرل پاکستان خالد مجید، ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر حج فہیم خان آفریدی، پاکستان حج مشن اور قونصلیٹ کے دیگر سفارتکار خیر مقدم کے لیے موجود تھے۔
جدہ پہنچنے والے عازمین حج کو گلدستے، مٹھائیاں اور زمزم پیش کیا گیا۔
یاد رہے کہ حج 2024 آپریشن کا آغاز 9 مئی سے مدینہ منورہ پہنچنے والی پہلی دو پروازوں سے ہوا تھا۔
رواں برس پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے، جن میں سے 63 ہزار 805 افراد سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے جبکہ باقی عازمین پرائیویٹ حج سکیم کے تحت جائیں گے۔
علاوہ ازیں ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین کے اولین قافلے 8 روزہ قیام کے بعد مکہ مکرمہ پہنچ رہے ہیں۔
مکہ مکرمہ کے علاقے عزیزیہ اور بطحا قریش میں قائم عمارتوں میں بیشتر پاکستانی عازمین کا قیام ہے۔
مکہ مکرمہ کے مین کنٹرول آفس میں پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے عازمینِ حج کی رہنمائی اور معاونت کی جا رہی ہے۔
پاکستان کے قبل از حج فلائٹ آپریشن کے پہلے مرحلے میں 23 مئی تک 34,316 پاکستانی مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔
24 مئی سے 9 جون تک 114 پروازیں مزید 34,422 پاکستانی عازمین کو جدہ لے جائیں گی۔