Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ: پاکستان اور انڈیا کے میچ کے لیے پنڈی سٹیڈیم میں فین پارک بنایا جائے گا

پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں 9 جون کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی (فوٹو: اے ایف پی)
آئندہ ماہ سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے پاکستان اور انڈیا کے ہائی وولٹیج میچ کے لیے راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں فین پارک بنایا جائے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنی ویب سائٹ پر ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران دنیا بھر میں بنائے جانے والے فین پارکس کی فہرست جاری کی ہے۔
آئی سی سی کی اس فہرست میں راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا نام بھی شامل ہے جہاں 9 جون کو ہونے والے پاکستان اور انڈیا کے میچ کے لیے فین پارک بنایا جائے گا۔
آئی سی سی کے اس فین پارک میں پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بڑی سکرین لگائی جائے گی جہاں کرکٹ شائقین گرین شرٹس کو سپورٹ کریں گے۔
یہ فین پارک شائقین کے لیے میچ کے شروع ہونے سے 90 منٹ قبل کھول دیا جائے گا جبکہ میچ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد تک یہ فین پارک کھلا رہے گا۔
آئی سی سی کے فین پارکس میں میچ دیکھنے کے علاوہ میوزک، کھانے پینے اور فیملی پکنک کا بھی بندوبست ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان اور انڈیا کے میچ کے لیے نئی دہلی، برمنگھم، نیو یارک اور جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں بھی فین پارک بنائے جائیں گے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا آغاز دو جون سے ہوگا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں میزبان امریکہ کا مقابلہ کینیڈا سے ڈیلاس میں ہوگا۔
پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں 9 جون کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔

شیئر: