تیز بارش کے باعث بس مخالف سمت کی سڑک کی جانب پھسل گئی۔ فوٹو پولیٹکونیوز
جنوبی ترکی کے علاقے میں ہائی وے پر ایک مسافر بس گاڑیوں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 39 زخمی ہو گئے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ المناک حادثہ اتوار کی رات دیر گئے مرسین صوبے میں اس وقت پیش آیا جب تیز بارش کے باعث ایک بس مخالف سمت کی سڑک کی جانب پھسل گئی اور سامنے سے آنے والی دو کاریں بس سے ٹکرا گئیں۔
مرسین صوبے کے گورنر علی حمزہ پہلوان نے بتایا ہے کہ اس حادثے کے فوری بعد ایک ٹرک ان تینوں گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔
سرکاری نیوز ایجنسی اناضولو نے رپورٹ کیا ہے کہ حادثے کے زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ، زخمیوں میں سے کم از کم آٹھ کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
اناضولو کی خبر کے مطابق انٹرسٹی بس میں 28 افراد سوار تھے اور یہ بس ترکی کے جنوب مشرقی شہر دیار باقر سے عدانا جا رہی تھی۔