Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کی صورتحال نازک ہے، فوری جنگ بندی کی جائے: سعودی وزیر خارجہ

شہزادہ فیصل بن فرحان نے برسلز میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’غزہ پٹی کی نازک صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس بات کی اہمت بڑھ گئی ہے کہ وہاں فوری جنگ بندی کی جائے‘۔
انہوں نے کہا’ عالمی برادری بھی اس بات پر متفق ہے جس میں قیدیوں کا تبادلہ شامل ہے‘۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے ناروے کے وزیرخارجہ ایسپین بارتھ ایڈے اور یورپی یونین کے خارجہ امور و سلامتی پالیسی کے نمائندے جوزف بوریل کے ساتھ  مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’غزہ پٹی کی صورتحال نازک ہے جو اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ فوری جنگ بندی کرائی جائے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’ مملکت نے گزشتہ اپریل کے آخر میں ریاض اجلاس میں دوریاستی حل کے فارمولے کو موثر بنانے کے لیے کوشش کی جبکہ  برسلز میں بھی ہونے والی میٹنگ میں اس بارے میں توجہ دلائی ہے‘۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے ناروے، سپین اور آئرلینڈ کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے توجہ مبذول کرائی کہ بعض یورپی و دیگر ممالک بھی اس اقدام کے ہم خیال ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا ’فلسطینی ریاست کے اداروں کی مدد کرنا اس بات کا اظہار ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اپنے پڑوسیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے قابل ہے‘۔
انہوں نے واضح کیا ’ اگر عالمی برادری بین الاقوامی قانون بشمول بین عالمی انسانی قوانین کی حمایت کرتے ہوئے اسے نافذ کرائے تو یہ اسرائیل کے لیے ایک اہم تنبیہ بھی ہوگی کہ اسے بھی سزا سے استثنی حاصل نہیں اور یہ کہ وہ فلسطینی ریاست کو ہمیشہ کے لیے کمزورنہیں کرسکتا‘۔

شیئر: