Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ہلال احمر کا حج سیزن کے لیے ڈھائی ہزار سے زیادہ عملہ تعینات

ایمبولینس فلیٹ کا ایک نمایاں حصہ حج مشن کے لیے وقف کیا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے حج سیزن 2024 کےلیے تقریبا 100 ایمبولینس مراکز میں دو ہزار 540 میڈیکل پروفیشنلز، ایمبولینس ٹیکنیشنز اور انتظامی عملے کو تعینات کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ہلال احمر نے اپنی ایمبولینس فلیٹ کا ایک نمایاں حصہ حج مشن کے لیے وقف کیا ہے۔
اس میں 320 ایمبولینسز، 23 ایڈوانس ریسپانس وہیکلز، 7 ایئر ایمبولینس، گالف کارٹس، الیکڑک سکوٹر اور اضافی سروس وہیکلز شامل ہیں۔
حج کے دوران کمیونیکشن کےلیے مترجم بھی دستیاب ہوں گے۔
595 سے زیادہ رضا کار مختلف مقامات پر ایمبولینس سروسز کے ساتھ سعودی ہلال احمر کی مدد کریں گے جبکہ عازمین حج کو  ان کی صحت کے حوالے سے ضروری احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں الجوف ریجن کی ہلال الاحمرٹیم نے بری راستے سے آنے والے عازمین کے استقبال اور انہیں ہرممکن امداد فراہم کرنے کےلیے تیاریاں مکمل کرلیں۔
 ’ایس پی اے‘ کے مطابق ابوعجرم حاجی کیمپ میں ہلال الاحمر کے یونٹ کا خصوصی یونٹ قائم کیا گیا ہے جہاں صحت کے حوالے سے جملہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
ریجنل یونٹ کی جانب سے سرحدی چیک پوسٹ پر قائم کیے گئے حج سینٹر میں آنے والے عازمین کو احتیاطی تدابیر اور طبی امداد کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کا بھی خصوصی بندوبست ہے۔
ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ممدوح الرویلی کا کہنا تھا  گورنرالجوف کی جانب سے بھی عازمین حج کی رہنمائی اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات کیا گئے ہیں۔
 حج سیزن کے لیے 14 ایمرجنسی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں 18 امدادی یونٹس مختلف پوائنٹس پر موجود ہیں جو ابوعجرم حاجی کیمپ میں آنے والوں کی ہرطرح سے خدمت اور رہنمائی کے لیے مستعد ہیں۔
انتہائی ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلیے فضائی ایمبولینس سروس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ 100  رضا کاروں کا گروپ بھی مختلف اوقات میں عازمین کی خدمت کےلیے موجود ہے۔

شیئر: