Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ نے سفری مسائل پر آئی سی سی کو شکایت کر دی

سری لنکا اور آئرلینڈ کو نیو یارک جانے والی فلائٹ کے لیے سات گھنٹوں تک کا انتظار کرنا پڑا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران سری لنکا، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ نے سفری انتظامات کے مسائل کا سامنا کرنے پر انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو شکایت درج کروا دی ہے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ ’سپورٹس کیڑا‘ کے مطابق آئرلینڈ اور سری لنکا کے درمیان لاؤڈرہِل فلوریڈا میں کھیلے گئے وارم اپ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کو سفر کے حوالے سے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
سری لنکن نیوز ایجنسی ’نیوز وائر ایل کے‘ کے مطابق سری لنکا اور آئرلینڈ کو نیو یارک جانے والی فلائٹ کے لیے سات گھنٹوں تک کا انتظار کرنا پڑا اور اس دوران انہیں آئی سی سی سے کوئی بھی اطلاع نہیں دی گئی کہ کیا آیا دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلیں گی یا نہیں۔ 
فلوریڈا کے سٹیڈیم میں دھوپ میں وارم اپ میچ کھیلنے کے بعد اس صورتحال کے باعث دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو شدید تھکاوٹ اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
فلائٹ میں تاخیر ہونے کے باعث سری لنکن ٹیم جمعے کی شام کے بجائے سنیچر کی صبح نیو یارک پہنچی جس کی وجہ سے اُن کا ٹریننگ سیشن بھی منسوخ ہوگیا۔ 
صرف یہ ہی نہیں، سری لنکن ٹیم کا نیو یارک میں ہوٹل ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم سے تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔
اس کے برعکس انڈین ٹیم کا ہوٹل ٹریننگ گراؤنڈز کے قریب ہے جبکہ اُنہیں ایک ہی شہر (نیو یارک) میں گروپ سٹیج کے چار میں سے تین میچز کھیلنے ہیں۔
سری لنکا نے گروپ راؤنڈ میں اپنے چاروں میچز چار مختلف وینیوز پر کھیلنے ہیں۔
خیال رہے کہ سری لنکا کی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ تین جون کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔

شیئر: