Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ، امریکہ میں کھیلنا ایک مختلف تجربہ اور چیلنج ہوگا: بابر اعظم

بابر اعظم نے کہا کہ نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا بحیثیت کرکٹر اور کوچ  تجربہ بہت وسیع ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ بحیثیت کپتان وہ ٹی20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل اور فائنل کھیل چکے ہیں، اب وہ ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں۔
بابر اعظم نے پی سی بی پوڈکاسٹ کے خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہم سب کی ٹیم ہے اور اس وقت ہمارا مقصد صرف ایک ہے اور  وہ ہے ٹی20 ورلڈ کپ جیتنا، جس کے لیے ہم سب کو ایک ہوکر کھیلنا ہوگا۔‘
بابر اعظم  جو ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والے کپتان بن گئے ہیں، نے کہا کہ ’انڈیا پاکستان میچ کی بات ہی کچھ اور ہے جس میں صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے شائقین میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ پریشر گیم ہوتا ہے۔ اگر آپ اس میچ میں خود کو جتنا فوکس اور بنیادی باتوں پرتوجہ رکھیں گے چیزیں آسان رہیں گی۔ لیکن آئی سی سی ایونٹ میں آپ کو صرف اس ایک میچ پر توجہ نہیں دینی ہوتی بلکہ اس میں دوسری ٹیمیں بھی ہوتی ہیں اور اگر آپ کو چیمپیئن بننا ہے تو تمام ٹیموں کو ہرانا پڑتا ہے۔‘
بابراعظم نے کہا کہ ٹی20 ورلڈ کپ کا شیڈول اچھا ہے۔ امریکہ میں چونکہ پہلی بار یہ ایونٹ ہورہا ہے اس لیے وہاں ڈراپ ان پچز ہوں گی ۔ مختلف گراؤنڈز ہوں گے۔ مختلف ماحول ہوگا۔ ایک نیا تجربہ ہوگا، نیا چیلنج ہوگا۔ کنڈیشنز کا زیادہ پتہ نہیں لیکن ہم میچز سے پہلے معلومات حاصل کر کے خود کو مقابلے کے لیے تیار کر لیں گے۔
 بابراعظم کا کہنا ہے کہ  یہ بحیثیت کپتان ان کا تیسرا ٹی20 ورلڈ کپ ہے۔ ان کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے سیمی فائنل اور فائنل کھیل لیا ہے اب وہ ٹرافی جیت کر وطن واپس آنا چاہتے ہیں ’لیکن اس کے لیے ہمیں ہر ٹیم کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنی ہوگی۔ بدقسمتی سے پچھلے دو ٹی20 ورلڈ کپ میں فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہم فاتح نہ بن سکے۔ اس بار وہ غلطیاں دوہرانا نہیں چاہتے۔‘
بابراعظم نے کہا کہ اس وقت ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے۔ پچھلے دنوں جو چیزیں چلتی رہی تھیں ان میں  کچھ بنائی گئی تھیں۔ انہیں اس طرح پیش کیا گیا کہ نہ جانے کیا ہو گیا ہے۔ ’جب ایسی چیزیں ہوتی ہیں تو ہماری کوشش یہ نہیں ہوتی کہ اسے دنیا کو دکھایا جائے۔ آپ کے اپنے گھر میں بھی جب کوئی بات ہوتی ہے تو اسے پبلک میں نہیں لایا جاتا۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے سنا جائے اور اسے فوراً حل کیا جائے۔‘
بابر اعظم نے اس خصوصی انٹرویو میں اپنی بیٹنگ کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو کی۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کے سٹرائیک ریٹ پر بہت  زیادہ بات ہوتی رہی ہے۔ جب انہیں یہ احساس ہوا کہ سٹرائیک ریٹ بہتر ہونا چاہیے تو انہوں نے اس پر کافی کام کیا۔ ’اصل میں یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ سچوئیشن کیا ڈیمانڈ کر رہی ہے۔ آپ ہر وقت ایک ہی سٹرائیک ریٹ سے نہیں کھیل سکتے۔‘
بابر اعظم نے اس تاثر کو بھی یکسر مسترد کر دیا کہ وہ اپنے لیے کھیلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکثر یہ بات ہوتی ہے کہ وہ اپنے لیے کھیلتے ہیں ایسا بالکل نہیں ہے اگر وہ اپنے لیے کھیلنے لگیں تو پھر یہ مختلف گیم ہو جائے گی۔ وہ ٹیم کی ضرورت کے  مطابق کھیلتے ہیں۔ جب سے وہ کپتان بنے ہیں انہوں نے اپنے ذاتی اہداف پیچھے رکھ دیے ہیں۔ وہ ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں کیونکہ ان کے نزدیک  ٹیم پہلے ہے باقی چیزیں بعد میں ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا بحیثیت کرکٹر اور کوچ  تجربہ بہت وسیع ہے۔ ان کا تجربہ ٹیم کے کام آئے گا۔
بابر اعظم نے اپنے مداحوں کے نام پیغام  میں کہا کہ وہ ٹیم کی کامیابی  کے لیے دعا کریں۔ ’ہماری طرف سے پوری کوشش ہوگی کہ 100 فیصد پرفارمنس دیں، آپ ٹیم کو سپورٹ کریں کیونکہ یہ آپ سب کی ٹیم ہے، یہ پاکستان کی ٹیم ہے۔‘

شیئر: