الیکشن: بی جے پی کی چین سے متصل ریاست اروناچل پردیش میں کامیابی
بی جے پی نے 60 میں سے 46 سیٹیں جیت کر اروناچل پردیش میں آسانی سے اپنے اقتدار کو برقرار رکھا ہے (فوٹو اے ایف پی)
انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے چین کی سرحد سے متصل ریاست اروناچل پردیش کے الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ ہمالیائی ریاست سکم میں ایک مقامی پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اروناچل پردیش اور سکم میں صوبائی انتخابات 19 اپریل کو قومی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ساتھ ساتھ ہوئے تھے۔
بی جے پی نے 60 میں سے 46 سیٹیں جیت کر اروناچل پردیش میں آسانی سے اپنے اقتدار کو برقرار رکھا ہے۔
نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ اروناچل پردیش کے لوگوں نے ’ترقی کی سیاست کو واضح مینڈیٹ‘ دیا ہے۔
بی جے پی کے ایک سینیئر سیاست دان اشوک سنگھل نے کہا کہ یہ نتائج منگل کو اعلان کیے جانے والے قومی انتخابات کے نتائج سے پہلے ایک ’ٹریلر‘ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ 4 جون کو ہونے والے حقیقی شو سے پہلے کا ٹریلر ہے۔ پی ایم مودی جو بڑی جیت حاصل کریں گے اس کی شروعات اروناچل پردیش سے ہوئی ہے۔‘
سیاست دانوں اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ریاستی انتخابات ہمیشہ عام انتخابات کے نتائج پر اثر انداز نہیں ہوتے ہیں لیکن سنیچر کو آنے والے ایگزٹ پولز نے مودی اور ان کے اتحاد کے لیے ایک بڑی جیت کا اندازہ لگایا ہے۔
سکم میں بی جے پی کی اتحادی جماعت سکم کرانتی کاری مورچہ نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے اور ریاستی اسمبلی کی 32 میں سے 31 سیٹیں حاصل کیں۔
سکم میں نہ تو بی جے پی اور نہ ہی قومی اپوزیشن کانگریس پارٹی نے کوئی سیٹ جیتی ہے۔