Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت کا پی ٹی آئی سیکریٹریٹ فوری ڈی سیل کرنے کا حکم

عدالت نے کہا کہ نوٹس یا شوکاز کی کوئی رسید ریکارڈ پر موجود نہیں ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی سیکریٹریٹ فوری ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ 
منگل کو جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سی ڈی اے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے محفوظ فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے 2022 اور 2023 میں سابقہ مالک کو نوٹس اور پھر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، سی ڈی اے کوئی وضاحت پیش نہ کر سکا کہ نوٹسز پرانے مالک کو کیوں بھیجے جاتے رہے۔
عدالت نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ نوٹس یا شوکاز کی کوئی رسید ریکارڈ پر موجود نہیں ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے نے پی ٹی آئی کا مرکزی سیکریٹریٹ سیل کرنے کے آرڈر سے پہلے کوئی نوٹس نہیں بھیجا تھا، دفتر سیل کرنے کے آرڈر سے متعلق بھی پی ٹی آئی کو نہیں لکھا گیا اور نہ کاپی بھیجی گئی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ سی ڈی اے قانون کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کر سکتا ہے۔
23 مئی کو سی ڈی اے نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ پر آپریشن کے دوران اس کا ایک حصہ گرا کر اسے سیل کر دیا تھا جبکہ موقع پر گرفتار کیے گئے رہنما عامر مغل کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا تھا۔
اسلام آباد کے سیکٹر G-8 میں واقع پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر میں سی ڈے اے نے اسلام آباد پولیس کی مدد سے آپریشن کیا تھا۔ اس دوران بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے عمارت کا ایک حصہ گرا دیا گیا تھا۔

شیئر: