Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیخ مجیب سے متعلق ویڈیو اپلوڈ کرنے کا معاملہ، پی ٹی آئی کے تین رہنماؤں کو نوٹس

عمران خان کا کہنا ہے کہ ’وہ ایف آئی اے کی انکوائری میں اپنے وکلا کی موجودگی میں ہی شاملِ تفتیش ہوں گے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمان سے متعلق ویڈیو اپلوڈ کرنے کے معاملے پر پارٹی کے تین مرکزی رہنماؤں کو بھی نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔
 ایف آئی اے کی جانب سے پی ٹی آئی کے چیئرمین گوہر خان، سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان اور ترجمان رؤف حسن کو طلبی کے نوٹسز سنیچر کو جاری کیے گئے ہیں۔ 
نوٹس میں پارٹی کے تینوں رہنماؤں سے کہا گیا ہے کہ وہ منگل کی صبح 11 بجے انکوائری کے لیے پیش ہوں۔
ایف آئی اے کے مطابق یہ نوٹسز عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے غیر قانونی استعمال پر کی جانے والی انکوائری کے سلسلے میں جاری کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی۔
 نوٹس کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے عوام میں خوف اور بے چینی پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔
اسی نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اشتعال انگیزی سے عوام کو ریاست اور اداروں کے خلاف قانون ہاتھ میں لینے پر بھی اُکسایا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل اکاؤنٹ سے 26 مئی کو ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں موجودہ سیاسی صورت حال کا سقوط ڈھاکہ سے موازنہ کیا گیا ہے۔
اس ویڈیو کے معاملے کی انکوائری کے لیے ایف آئی اے کی ٹیم جمعرات کو اڈیالہ جیل بھی گئی، تاہم عمران خان نے ٹیم سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔
اس حوالے سے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’وہ ایف آئی اے کی انکوائری میں اپنے وکلا کی موجودگی میں ہی شاملِ تفتیش ہوں گے۔‘

شیئر: