Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: برفانی طوفان میں پھنس کر 9 ٹریکرز ہلاک، 5 کو زندہ بچا لیا گیا

حکام کے مطابق ریسکیو ٹیم نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پانچ افراد کو زندہ نکالا۔ (فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
انڈیا کی ریاست اترا کھنڈ میں ہمالیہ کے پہاڑوں میں برفانی طوفان کے دوران ٹریکر پھنس گئے جن میں سے 9 ہلاک ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا کے جنوبی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ٹریکرز کا ایگ گروپ شمالی انڈیا میں اتراکھنڈ کے دشوار گزار پہاڑوں میں شدید برف باری کے باعث پھنس گیا۔
کرناٹک کے ریاستی وزیر کرشنا بائر گوڈوا کے مطابق گروپ کی ٹریکنگ کے دوران پہاڑوں پر برف باری شروع ہوئی جو بعد میں برفانی طوفان میں تبدیل ہو گیا۔
’شام چھ بجے تک دو ٹریکر خراب موسم کی وجہ سے موت کا شکار ہو گئے۔ برفباری اور تیز ہواؤں کی وجہ نقل و حرکت ناممکن اور حد نگاہ صفر ہو گئی۔ ٹریکرز نے ایک دوسرے کے سے لپٹ کر راستے میں ہی رات گزار دیں۔ رات میں سردی کی وجہ سے گروپ کے مزید ارکان ہلاک ہوگئے۔‘
حکام کے مطابق ریسکیو ٹیم نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پانچ افراد کو زندہ نکالا جب کہ مرنے والوں کی لاشوں کو بھی ہیلی کاپٹر سے کرناٹک منتقل کیا گیا۔
انڈین ایئر فورس نے جمعرات کو تصاویر شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برف سے ڈھکے پہاڑوں کے درمیان ایک ہیلی کاپٹر کے قریب ریسکیو ٹیم مصروف ہے۔
ریاستی وزیر کے مطابق منگل کی شام ٹریکر اور کوہ پیماؤں کے گروپ کے ایک گائیڈ نے صورتحال کے بارے میں ریسکیو حکام کو الرٹ کر دیا تھا۔
گائیڈ کو جب تھوڑی دیر کے لیے موبائل سگنلز مل گئے تو انہوں نے حکام کو پیغام بھیجا۔
ان کے مطابق بدھ کو ریسکیو ٹیم موقعے پر پہنچ گئی تھی جس نے پانچ افراد کو زندہ بچا لیا۔

شیئر: