پرمٹ کے بغیر مکہ لے جانے والے 8 افراد کے خلاف کارروائی
قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں میں 3 غیرملکی بھی شامل ہیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر8 افراد جن میں تین غیرملکی اور5 سعودی شہری شامل ہیں کو سزا سنا دی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ کے قانون کے مطابق غیر قانونی طورپر حج کرنے والوں کے خلاف ضوابط پرعمل کیا جارہا ہے جس کے تحت ایسے افراد کو جو پرمٹ کے بغیرمکہ مکرمہ جاتے ہیں انکے خلاف یومیہ بنیاد پرکارروائیاں جاری ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹریٹ جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی سیزنل ادارتی کمیٹی نے 8 افراد کو گرفتار کیا جو غیرقانونی طورپرمکہ مکرمہ جانے والوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کررہے تھے۔
محکمہ جوازات کی ادارتی کمیٹی نے پرمٹ کے بغیرلوگوں کو مکہ لے جانے والوں پرمجموعی طورپر3 لاکھ 60 ہزارریال جرمانہ اورہر فرد کو 15 دن قید کی سزا سنائی ہے۔
قانون کے مطابق ایسے افراد جو پرمٹ کے بغیرلوگوں کو مکہ مکرمہ لے جاتے ہیں ان پرہر سواری کے عوض 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
ادارتی کمیٹی نے 3 گاڑیاں بھی بحق سرکار ضبط کی ہیں جن کے ذریعے لوگوں کو مکہ مکرمہ منتقل کیا جارہا ہے۔ جرم میں ملوث غیرملکیوں کو سزا کی مدت پورا کرنے کے بعد مملکت سے بے دخل کرتے ہوئے ان پر مقررہ مدت کے لیے مملکت داخل ہونے کی پابندی عائد کردی جاتی ہے۔
واضح رہے امسال سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے مکہ مکرمہ شہر اور مشاعر مقدسہ میں بھی تفتیش کا عمل جاری ہے جس کے تحت ایسے افراد کو جن کے اقامے مکہ مکرمہ کے نہیں اورانکے پاس حج یا مکہ مکرمہ میں کام کرنے کا خصوصی اجازت نامہ نہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔