Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن منتخب، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

پاکستان سے اس سے قبل سات مرتبہ سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن رہ چکا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے سال 2025-26 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کے طور پر انتخاب پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں سلامتی کونسل کے پانچ غیرمستقل ارکان کی نشستوں کے لیے انتخابات ہوئے۔
ان انتخابات میں پاکستان نے بھی حصہ لیا۔ پاکستان کے علاوہ اس انتخاب میں پاناما، یونان، ڈنمارک اور صومالیہ نے بھی حصہ لیا تھا۔
پاکستان سے اس سے قبل سات مرتبہ سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن رہ چکا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقعے پر کہا جکہ ’یقیناً یہ ایک قابل  فخر  لمحہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ 182 ووٹ لے کر اقوام متحدہ کا 2025-26 کے لیے رکن منتخب ہونا امن اور سلامتی کے لیے ہماری قوم کے عزم کا ثبوت ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’ہم عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ہم اقوام عالم کے درمیان امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔‘
اس کے علاوہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستان جنگ کی روک تھام اور امن کو فروغ دینے کے اقوام متحدہ کے چارٹر کے وژن کے ساتھ اپنی وابستگی کو برقرار رکھنے، عالمی خوشحالی اور انسانی حقوق کے عالمی احترام کو فروغ دینے کا منتظر ہے۔‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے مطابق بین الاقوامی امن و سلامتی کی بحالی کے لیے موثر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ‘

شیئر: