Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کو خودانحصار بنانے کے لیے چین کے ماڈل سے استفادہ کریں گے: وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے لوث اور ہر آزمائش پر پوری اتری۔ (فوٹو: وزیراعظم آفس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو خود انحصاری کی منزل سے ہمکنار کرنے اور ترقی کے لیے چین کے ماڈل سے استفادہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق بیجنگ میں پاک چائنا  فرینڈشپ اینڈ بزنس ریسپشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، بدعنوانی کے خاتمہ، بنیادی ڈھانچہ میں تبدیلی اور برآمدات کےفروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
’وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری کو معاشی اہداف کے حصول کے لیے نتیجہ خیز بنائیں، سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔
’پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی سرحدوں سے باہر اب خلائوں میں پہنچ چکی ہے، چین کی کم عرصہ میں تیز رفتار ترقی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، پاکستان 24 کروڑ آبادی کا ملک ہے ، پاکستان کے سعودی عرب ،یو اے ای ،کویت ، ایران، افغانستان اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں لیکن پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے لوث اور ہر آزمائش پر پوری اتری۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے 1981 میں پہلی بار چین کا دورہ کیا تھا اور چین کی تعلیم ،صحت ،زراعت اور دیگر شعبوں میں ترقی کا مشاہدہ کیا تھا۔
’چین نے قلیل عرصے میں ترقی کی منازل طے کی ہیں، اس نے عظیم ملک بننے کے لئے دنیا کے سامنے ایک مثال قائم کی اور صنعتوں اور زراعت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا اور اس ترقی کا مشاہدہ ہم  آج کر رہے ہیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ اپریل میں بشام میں چینی ورکرز پر حملے کا اندوہناک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں  کی کارروائی میں  پانچ چینی بھائی مارے گئے۔

وزیراعظم نے بیجنگ  کے مضافات میں چین کی سیلیکون ویلی کے زونگ گوانکون سائنس پارک کا دورہ کیا۔ (پی ایم آفس)

’اس واقعہ نے پورے پاکستان کو ہلا کر رکھ دیا، ہم اس واقعہ کے پیچھے ناپاک عزائم کو سمجھ سکتے ہیں، اس کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی اور سی پیک  کے دشمنوں نے کی، اس بزدلانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حملے میں مرنے والے چینی باشندوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں۔‘

وزیراعظم کا Zhongguancun سائنس پارک کا دورہ 

دریں اثنا وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بیجنگ  کے مضافات میں چین کی سیلیکون ویلی کے زونگ گوانکون سائنس پارک کا دورہ کیا۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور وفد کے دیگر ارکان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 
وزیراعظم کو سائنس پارک میں چین کے ٹیک سٹارٹ اپ کلچر اور جدید ماحول اور جدید تحقیق کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو ٹیک سٹارٹ اپس، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے مراکز اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں ممکنہ تعاون اور شراکت داری پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے چین کی سائنسی اور تکنیکی ترقی کو سراہا اور پاکستان اور چین کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین کے سائینس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی سے پاکستان بھر پور استفادہ حاصل کر سکتا ہے ۔
 

شیئر: