لمبرگینی پر ہیلی کاپٹر سے فائر ورکس، معروف یوٹیوبر کیلیفورنیا میں گرفتار
لمبرگینی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے آتش بازی کے مواد سے نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو: سکرین گریب
معروف امریکی یوٹیوبر کو ایک ویڈیو کی شوٹنگ پر کیلیفورنیا کی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جس میں انہوں نے تیز رفتار سپورٹس کار لمبرگینی پر ہیلی کاپٹر سے شعلے برساتے دکھایا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 24 سالہ یوٹیوبر ایلکس چوئی پر ہیلی کاپٹر میں دھماکہ خیز یا آگ لگانے والا آلہ رکھنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
ایلکس چوئی جن کے چینل کو تقریباً 10 لاکھ صارفین نے سبسکرائب کر رکھا ہے، پر الزامات درست ہونے کی صورت میں دس سال سزائے قید ہو سکتی ہے۔
’لمبرگینی کو آتش بازی سے تباہ کرتے ہوئے‘ کے نام سے یوٹیوب پر نشر ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں بیٹھی ہوئی دو خواتین سپیڈ سے جاتی ہوئی لمبرگینی کو آتش بازی کے مواد سے نشانہ بنا رہی ہیں۔
ویڈیو کی شوٹنگ کے دران بننے والی فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایلکس چوئی نے ویڈیو کی ہدایت کاری خود کی ہے۔
فوٹیج میں انہیں کیمرا سروس فراہم کرنے والی کمپنی کا ’پاگل بے وقوفانہ آئیڈیا کا حصہ بننے پر‘ شکریہ ادا کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
گیارہ منٹ طویل ویڈیو ایلکس چوئی کے یوٹیوب چینل سے ہٹا دی گئی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فلم سازی کے پرمٹ کے بغیر ہیلی کاپٹر گراؤنڈ کے قریب فلائی کر رہا تھا۔
ایلکس چوئی نے ممکنہ طور پر ریاست نیواڈا سے آتش بازی کا مواد خریدا تھا جو کیلیفورنیا میں غیرقانونی ہے۔
گزشتہ سال ایک اور یوٹیوبر ٹریور جیکب کو چھ ماہ سزائے قید دی گئی تھی جب انہوں نے ویوز بڑھانے کے لیے اپنا جہاز جان بوجھ کر گرا کر تباہ کر دیا تھا۔
اس ڈرامائی ویڈیو کی شوٹنگ سال 2021 میں کیلیفورنیا میں ہوئی تھی جس میں ٹریور جیکب پیراشوٹ کے ذریعے جہاز سے باحفاظت نکل جاتے ہیں جبکہ بغیر پائلٹ کے جہاز گر کر تباہ ہو جاتا ہے۔