کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے والی خاتون سکیورٹی اہلکار معطلی کے بعد گرفتار
کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے والی خاتون سکیورٹی اہلکار معطلی کے بعد گرفتار
جمعہ 7 جون 2024 14:45
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کنگنا رناوت ہماچل پردیش میں اپنے آبائی شہر منڈی سے بی جے پی کی امیدوار کے طور پر انتخاب لڑ کر سیاسی منظر نامے میں داخل ہوئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت کو مبینہ طور پر تھپڑ مارنے والی خاتون سکیورٹی اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق کلوندر کور نامی سکیورٹی اہلکار نے جمعرات کو چندی گڑھ ایئرپورٹ پر کنگنا رناوت کو مبینہ طور پر تھپڑ مارا جس کے بعد انہیں معطل کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد ادکارہ کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر اپنا ایک بیان جاری کیا تھا جس میں وہ اپنے مداحوں کو بتا رہی تھیں کہ وہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
اداکارہ نے بتایا ’چندی گڑھ ایئرپورٹ پر جب میں سکیورٹی چیک سے نکلی تو کیبن میں موجود خاتون سکیورٹی اہلکار نے آ کر انہیں چہرے پر مارا اور گالیاں دینے لگیں‘۔
انہوں نے مزید بتایا ’میں نے جب خاتون کانسٹیبل سے تھپڑ مارنے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا کہ ہم کسانوں کے احتجاج کو سپورٹ کرتے ہیں‘۔
دوسری جانب ایکس پر خاتون کانسٹیبل کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہی تھیں ’کنگنا رناوت کہتی تھیں کہ کسان احتجاج میں خواتین 100، 200 روپے لے کر شامل ہوئی تھیں، میری ماں بھی اس احتجاج میں شامل تھیں‘۔
سنہ 2020 میں انڈیا بھر میں کسان احتجاج کے دوران کنگنا رناوت نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں تبصرہ کیا تھا کہ احتجاجی مقام پر ایک بزرگ خاتون کو وہاں بیٹھنے کے لیے 100 روپے ادا کیے جا رہے ہیں۔ عوام کے شدید ردعمل کے بعد اداکارہ نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی۔
واضح رہے کنگنا رناوت ہماچل پردیش میں اپنے آبائی شہر منڈی سے بی جے پی کی امیدوار کے طور پر انتخاب لڑ کر سیاسی منظر نامے میں داخل ہوئی ہیں۔ کنگنا نے کانگریس کے وکرمادتیہ سنگھ کو 74,755 ووٹوں کے نمایاں فرق سے شکست دے کر الیکشنز میں پہلی جیت اپنے نام کی ہے۔
وشال ڈڈلانی کی کلوندر کور کو ملازمت کی پیشکش
بالی وڈ کے میوزک کمپوزر اور سنگر وشال ڈڈلانی نے اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت کو مبینہ طور پر تھپڑ مارنے والی سکیورٹی اہلکار کو ملازمت کی پیشکش کی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق وشال ڈڈلانی نے کہا ہے کہ اگر خاتون سکیورٹی اہلکار کے خلاف کوئی کارروائی کی جاتی ہے تو وہ انہیں ملازمت دینے کو یقینی بنائیں گے۔
وشال ڈڈلانی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں لکھا کہ ’میں تشدد کا حامی نہیں ہوں لیکن میں سی آئی ایس ایف کی سکیورٹی اہلکار کے غصے کی وجہ کو سمجھ سکتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اگر اُن کے خلاف سی آئی ایس ایف کوئی بھی کارروائی کرتا ہے تو میں اس بات کی یقین دہانی کرواتا ہوں کہ اٗن کے لیے نوکری تیار ہوگی۔‘
ایک اور سٹوری میں انہوں نے لکھا کہ ’اگر مِس کلوندر کور کو ملازمت سے نکال دیا جاتا ہے تو کوئی میرا اُن سے رابطہ کروائے۔ میں یقینی بناؤں گا کہ انہیں اُن کی ضرورت کی نوکری ملے۔‘