شاہی مہمانوں کا پہلا گروپ فریضہ حج کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا
وزارت اسلامی امور اس پروگرام پر عملدرآمد اور نگرانی کرتی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور نے خادم حرمین شریفین کے پروگرام کے تحت حج کے لیے آنے والے شاہی مہمانوں کے پہلے گروپ کا خیرمقدم کیا ہے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر کے 88 ممالک کے دو ہزار 322 عازمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر فریضہ حج ادا کریں گے۔
ایک ہزارعازمین فلسطین میں ہلاک ہونے اور زخمی ہونے والے شہریوں کے لواحقین میں سے ہوں گے جبکہ 22 عازمین سعودی عرب میں علیحدہ ہونے والے سیامی بچوں کے والدین ہوں گے۔
وزارت اسلامی امور اس پروگرام پر عمل درآمد اور نگرانی کرتی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہی مہمانوں کے پہلے گروپ میں ازبکستان، ویتنام، رومانیہ اور مونٹی نیگرو سے آنے والے 34 عازمین کا جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خیرمقدم کیا گیا۔ بعد ازاں انہیں مکہ مکرمہ روانہ کیا گیا۔
سعودی وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کی ہدایت پر شاہی مہمانوں کی خدمت کے لیے قائم کمیٹیاں عازمین کی آمد کے طریقہ کار کو آسان بنانے، طعام و قیام، آمد و رفت کے علاوہ دیگر خدمات فراہم کر رہی ہیں۔
ایک جامع نظام کے تحت شاہی مہمانوں کی ان کے ملک سے روانگی سے لے کر سعودی عرب آمد تک انہیں خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
قبل ازیں سعودی وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے بتایا تھا کہ ’وزارت نے پروگرام کے جنرل سیکرٹریٹ کے ذریعے، شاہی فرمان کے نفاذ کے تمام طریقہ کار کو سفارت خانوں اور بیرون ملک وزارت کے مذہبی اتاشیوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔‘