Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پچھلے 25 سال سے عمران خان کا رویہ روٹھے ہوئے بندے کے جیسا ہے، نواز شریف

نواز شریف نے کہا کہ سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف نے ایک جمہوری حکومت کو اکھاڑ پھینکا تھا۔ (فائل فوٹو)
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ بنی گالہ مدد مانگنے نہیں بلکہ عمران خان سے یہ کہنے گئے تھے کہ آئیں مل کر کام کریں۔
سنیچر کو مری میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا حسن مل کر کام کرنا ہے۔
انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ’میں تو آپ کو اسی جمہوریت میں لانے کے لیے آپ کے پاس گیا تھا لیکن گزشتہ 25 سال سے آپ کا رویہ روٹھے ہوئے بندے کی طرح ہے۔‘
نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جیل میں ان کے کمرے سے ایئر کنڈیشن نکلوانے کی بات کی تھی۔
’اب تم جیل میں ہو، میرا تو کبھی دھیان ہی نہیں گیا تمہارے ایئر کنڈیشن کی طرف، تم ایک کے بجائے دو لگوا دو مجھے کوئی اعتراض نہیں۔‘
انہوں نے کہا ’میں ایسا بندہ نہیں کہ دل میں کینہ رکھوں یا انتقام کی سیاست کروں۔ میں نے اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کیے تھے۔‘
نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ کیا وجہ تھی کہ سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف نے ایک جمہوری حکومت کو اکھاڑ پھینکا اور اسمبلی توڑی۔
نواز شریف کا مزید کا کہنا تھا کہ ایک منتخب وزیراعظم کو گرفتار کیا گیا جس نے ایٹمی دھماکے کیے۔
انہوں نے اپنی پارٹی کے سابق رکن شاہد خاقان عباسی کے بارے میں کہا کہ وہ ایک عمدہ انسان ہیں اور انہوں نے بہادری کے ساتھ جیل کاٹی اور ساتھ دیا۔
نواز شریف نے کہا کہ ان کی پارٹی نے مشکل وقت میں حکومت سنبھالی اور شہباز شریف جلد ہی ملک کو بحرانوں سے نکال دیں گے۔

شیئر: