Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ ورچوئل طبی مشورے‘ سعودی وزارت صحت کی حج سیزن کےلیے تیاریاں مکمل

وزارت کا کہنا ہے 32 ہزار طبی اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت کی جانب سے حج سیزن کےلیے جامع منصوبے پرعمل کیا جارہا ہے۔
اضافی طبی عملے مختلف علاقوں میں عازمین حج کی خدمت کے لیے موجود ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق امور صحت کے حوالے سے 32 ہزار طبی اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جن میں 5 ہزار ڈاکٹر شامل ہیں۔
طبی یونٹس کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں 183 طبی اداروں میں تعینات کیا گیا ہے جن میں 32 ہسپتال،151 طبی سینٹرز اور 6 طبی متحرک یونٹس شامل ہیں۔
پسپتالوں اور طبی مراکز میں 6400 بستروں کی گنجائش ہے جبکہ ’سن سٹروک‘ کے علاج کے لیے بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
ادارہ صحت کی جانب سے طبی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ حجاج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا بھی انتظام کیا گیا ہے جس کے تحت عازمین ورچوئل طبی مشوروں سے بھی مستفیض ہوں گے جسے ’صحتی‘ ایپ کے ذریعے استعمال کیا جاسکے گا۔
علاوہ ازیں سعودی ہلال الاحمر کی جانب سے بھی حج ایام کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جس کے تحت فضائی ایمبولینس اور طبی یونٹس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے فوری امدادی یونٹس بھی شامل ہیں۔
ہلال الاحمر کا بیڑا 2540 افراد پر مشتمل ہے جن میں خواتین امدادی کارکن شامل ہیں۔
مسجد الحرام اور مشاعر مقدسہ میں 98 ہنگامی طبی امدادی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ 7 ایئرایمبولینسز اور 694 طبی اہلکاروں پرمشتمل اضافی اور احتیاطی یونٹس بھی تیار کیے گئے ہیں۔

شیئر: