Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی کوریا کا شمالی کوریا کے خلاف لاؤڈ سپیکر پروپیگنڈا مہم شروع کرنے کا اعلان

ماضی میں بھی جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے خلاف سرحد پر لاؤڈ سپیکر مہم کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے خلاف اپنی لاؤڈ سپیکر پروپیگنڈہ مہم دوبارہ شروع کرے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار او سنیچر کی درمیانی شب شمالی کوریا کی جانب سے کوڑے کرکٹ والے غبارے ایک مرتبہ پھر بھیجنے کے بعد جنوبی کوریا کے صدر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ  ’ہم آج شمالی کوریا کے خلاف لاؤڈ سپیکر نصب کریں گے اور لاؤڈ سپیکر نشریات کا آغاز کریں گے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’دونوں کوریا (دونوں ممالک) کے درمیان کشیدگی میں اضافے کی ذمہ داری مکمل طور پر شمالی کوریا پر ہو گی۔‘
تقریباً ایک ہفتے کے وقفے کے بعد شمالی کوریا نے ایک مرتبہ پھر کوڑے کرکٹ والے غبارے جنوبی کوریا بھیجنا شروع کر دیے ہیں۔
برطانوی خبر رساں اداررے روئٹرز کے مطابق اتوار کو حکام اور میڈیا نے کہا ہے کہ دارالحکومت سیئول اور سرحد کے قریبی علاقوں میں کوڑے کرکٹ والے درجنوں غبارے ملے ہیں۔
اس سے قبل سنیچر کو جنوبی کوریا نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کوڑے کرکٹ والے غبارے بھیجے گا۔
جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے شمالی کوریا کے اس اقدام کو سنجیدگی سے لیا ہے اور ضرورت پڑنے پر جوابی کارروائی کرنے کے لیے چوکس ہے۔
جنوبی کوریا نے خبردار کیا تھا کہ وہ کوڑے کرکٹ والے غبارے بھیجنے پر شمالی کوریا کے خلاف ’ناقابل برداشت‘ اقدامات کرے گا۔
مبصرین نے کہا تھا کہ جنوبی کوریا ممکنہ طور پر شمالی کوریا میں فرنٹ لائن لاؤڈ سپیکر کی نشریات دوبارہ شروع کر دے گا جس میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال، عالمی خبریں اور کے پاپ کے گانے شامل ہوں گے۔ شمالی کوریا کے 26 ملین میں سے زیادہ شہریوں کو بین الاقوامی ٹی وی اور ریڈیو نشریات تک رسائی حاصل نہیں۔

تقریباً ایک ہفتے کے بعد شمالی کوریا نے ایک مرتبہ پھر کوڑے کرکٹ والے غبارے بھیجے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

شمالی کوریا کے مطابق کوڑے کرکٹ والے غبارے جنوبی کوریا کی جانب سے پمفلٹس اور کتابچے بھیجنے کی مہم کا جوابی ردعمل تھا۔
دو جون کو شمالی کوریا نے کہا تھا کہ جنوبی کوریا میں کوڑے کرکٹ والے غبارے عارضی طور پر بھیجنا بند کر رہا ہے کیونکہ جنوبی کوریا کے شہریوں کو اس چیز کا کافی تجربہ ہو گیا ہے کہ وہ کتنا ناخوشگوار محسوس کر رہے ہیں۔
جمعرات کو جنوبی کوریا میں سماجی کارکنوں کے ایک گروپ نے انتباہ کے باجود شمالی کوریا کی جانب غبارے بھیجے تھے جن میں شمالی کوریا کے رہنما کن جونگ اُن پر تنقید کرنے والے کتابچے، کے پاپ میوزک اور ڈراموں کی یو ایس بی اور امریکی ڈالر تھے۔
شمالی کوریا نے کتابچے کی مہم اور لاؤڈ سپیکر کی نشریات پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور ماضی میں غباروں اور سپیکر پر فائرنگ کی ہے۔

شیئر: