’کم جونگ اُن عظیم لیڈر‘، شمالی کوریا میں قائد کی سالگرہ پر ’عوام کا حلف‘
کم جونگ اُن سرکاری دوروں کے موقع پر اپنی بیٹی کو بھی ساتھ رکھتے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
جنوبی کوریا کے ایک ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے عوام کو کم جونگ اُن کی سالگرہ پر اُن سے ’وفاداری کا حلف‘ اٹھانے کا کہا گیا ہے اور ایسا 2011 میں کم جونگ اُن کے اقتدار میں آنے کے بعد سے پہلی بار ہو رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ اقدام کم جونگ اُن کے اقتدار کے استحکام کے لیے ہونے والے دیگر اقدامات کے دوران سامنے آیا ہے۔
سیول میں موجود ساؤتھ اینڈ نارتھ ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ (ایس اے این ڈی) نے حلف کی تصاویر جمعے کو جاری کیں۔
وفاداری کے اس حلف جس کی تصدیق روئٹرز آزادانہ ذرائع سے نہیں کرا سکا، کے حوالے سے ادارے کا کہنا ہے کہ یہ آٹھ جنوری کو کم جونگ اُن کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر لیا گیا جو آٹھ جنوری کو تھی۔
شمالی کوریا کی جانب سے کبھی سرکاری طور پر کم جونگ اُن کی تاریخ پیدائش کی تصدیق نہیں کی گئی ہے تاہم روایتی طور پر ان کے والد اور دادا کی سالگرہ کے مواقع پر حلف کی تقاریب ہوتی رہی ہیں۔
ایس اے این ڈی تجزیے کے مطابق ’کم جونگ اُن کی خواہش پر ان کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر حلف کی تقریب کی میزبانی اس امر کی طرف اشارہ ہے کہ وہ اپنے پیش روؤں کے نقطہ نظر سے ہٹ کر سیاسی جارحیت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔‘
ادارے کے صدر چوئی کیانگ ہیوئی نے روئٹرز کو بتایا کہ شمالی کوریا اگلے برس تک کم جونگ اُن کی سالگرہ کو سرکاری طور پر منانے کی طرف بڑھ سکتا ہے۔
دوسری عالمی جنگ کے بعد کم خاندان ملک پر حکمرانی کر رہا ہے۔
ایک مغربی سیاحتی ایجنسی جس کی پیانگ یانگ میں شراکت داری ہے اور سرکاری میڈیا پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ رواں برس پہلی بار شمالی کوریا نے 15 اپریل کو بانی رہنما کم ال سنگ کی سالگرہ کے دن کا ’یوم سورج‘ کے طور پر حوالہ دینا بند کر دیا تھا۔
امریکہ میں قائم ادارے سے وابستہ ریچل منیونگ لی نے ’یوم سورج‘ کو چھوڑنے کے فیصلے کے حوالے سے کہا کہ ’ہمیں اس کو شمالی کوریا کی جانب سے اس اقدام کو کم جونگ اُن کی پروپیگنڈہ مہم کو مزید تقویت دینے کے طور پر دیکھنا چاہیے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ ان کا سلسلہ کئی سال سے جاری ہے جن سے واضح طور پر لگ رہا ہے کہ شمالی کوریا نے کم جونگ اُن کو مرکزی قیادت بنانے کی کوششیں تیز کی ہیں۔
اس کے علاوہ کم جونگ اُن اپنی بیٹی کو میزائلوں کی لانچنگ، فیکٹریوں کے دوروں کے موقع پر ساتھ رکھتے رہے ہیں جس کو ماہرین اپنے خاندان کی طاقت کے دائرے کو مزید بڑھانے کی کوشش کے طور پر دیکھتے ہیں۔
پچھلے مہینے شمالی کوریا کی جانب سے ایک نیا گانا ریلیز کیا گیا تھا جس میں بچوں سے لے کر فوجیوں اور طبی عملے کے مناظر شامل تھے اور اس میں ایسی لائنز بھی شامل تھیں جن میں کم جونگ اُن کا ذکر تھا۔
’آئیے ہم گائیں کہ کم جونگ عظیم لیڈر ہیں۔‘