Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لکی مروت میں سکیورٹی فورسز پر حملہ، کیپٹن سمیت سات اہلکار جان سے گئے

پاکستان صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں ایک کیپٹن سمیت سات فوجی اہلکار جان سے چلے گئے  ہیں۔
فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا جب سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی ڈیوائس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس حملے میں جان سے جانے والوں میں  کیپٹن محمد فراز الیاس (قصور)، صوبیدار میجر محمد نذیر(سکردو)، لانس نائیک محمد انور (گانچھی)، لانس نائیک حسین علی (غذر)، سپاہی اسد اللہ (ملتان)، سپاہی منظور حسین (گلگت)، سپاہی راشد محمود (راولپنڈی) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’اس قبیح جرم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘
بیان کے مطابق ’پاکستان کی سکیورٹی فورسز  دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشنے کا باعث بنیں گی۔

شیئر: