Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے، حماس عہدیدار

اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد یہ امریکی وزیر خارجہ کا مشرق وسطیٰ کا آٹھواں دورہ ہو گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
حماس کے ایک سینیئر اہلکار نے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے مشرق وسطیٰ کے دورے سے قبل امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ ختم کرنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مصر اور اسرائیل کا دورہ کرنے والے ہیں۔ 
حماس کے سینیئر عہدیدار سمیع ابو زہری نے کہا ہے کہ ’ہم امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ جنگ روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے اور جنگ کے خاتمے کے لیے حماس کسی بھی اقدام کے لیے مثبت طور پر تیار ہے۔‘
اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد یہ امریکی وزیر خارجہ کا مشرق وسطیٰ کا آٹھواں دورہ ہو گا۔ عشروں سے جاری اسرائیل فلسطین تنازع میں یہ سب سے خونریز تنازع ہے۔ 
امریکی وزیر خارجہ رواں ہفتے اردن اور قطر کا دورہ بھی کریں گے۔
وزارت خارجہ کے شیڈول کے مطابق اسرائیل کا دورہ کرنے سے قبل انٹونی بلنکن قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کریں گے۔
امریکی وزیر خارجہ کا دورہ، صدر جو بائیڈن کی جانب سے 31 مئی کو تین مرحلوں پر مشتمل جنگ بندی کے لیے تجویز کردہ ایک معاہدے کے بعد ہو رہا ہے۔ اس تجویز کردہ معاہدے میں تنازع کے مکمل خاتمے، اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور غزہ کی تعمیر نو شامل ہے۔ 
اسرائیل پر حماس کے حملے میں 1200 افراد مارے گئے تھے اور تقریباً 250 کو یرغمال بنایا گیا تھا۔ 
اسرائیل نے جوابی کارروائی میں غزہ کی پٹی پر حملہ کیا جس میں 37 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: