Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک ہزار سے زیادہ شاہی مہمان حج کےلیے مملکت پہنچ گئے

88 ممالک کے 3 ہزار 322 عازمین خصوصی دعوت پر حج ادا کریں گے۔(فوٹو: سبق)
سعودی وزارت اسلامی امور نے خادم حرمین شریفین کے پروگرام کے تحت حج کے لیے آنے والے نو ملکوں کے مزید 145 شاہی مہمانوں کا خیرمقدم کیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق اب تک 75 ملکوں کے ایک ہزار 75 شاہی مہمان مملکت پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ دنیا بھر کے 88 ممالک کے 3 ہزار 322 عازمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر فریضہ حج ادا کریں گے۔
ان میں دو ہزارعازمین فلسطین میں ہلاک ہونے اور زخمی ہونے والے شہریوں کے لواحقین میں سے ہوں گے جبکہ 22 عازمین سعودی عرب میں علیحدہ ہونے والے سیامی بچوں کے والدین ہوں گے۔
وزارت اسلامی امور اس پروگرام پر عمل درآمد اور نگرانی کرتی ہے۔
سعودی وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کی ہدایت پر شاہی مہمانوں کی خدمت کے لیے قائم کمیٹیاں عازمین کی آمد کے طریقہ کار کو آسان بنانے، طعام و قیام، آمد و رفت کے علاوہ دیگر خدمات فراہم کر رہی ہیں۔
قبل ازیں سعودی وزیر اسلامی امورنے بتایا تھا کہ ’وزارت نے پروگرام کے جنرل سیکرٹریٹ کے ذریعے شاہی فرمان کے نفاذ کے تمام طریقہ کار کو سفارت خانوں اور بیرون ملک وزارت کے مذہبی اتاشیوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔
مملکت پہنچنے والے شاہی مہمانوں نے سفرِ حج کو آسان بنانے پر سعودی قیادت اور وزارت اسلامی امور کا شکریہ ادا کیا ہے۔

شیئر: